مہنگائی کی شرح12.31فیصد تک پہنچ گئی،آٹا سمیت21اشیا مہنگی
ٹماٹر 54.18، ایل پی جی 3.72، آلو 2.07، انڈے 1.17، لہسن 1.05 اور جلانے کی لکڑی 1.01 فیصد مہنگی ہو ئی ہفتہ وار مہنگائی 0.29 فیصد بڑھی ، پٹرول 4.20، ڈیزل 2.97، دال چنا 1.08، پیاز 0.82 فیصد سستے ، ادارہ شماریات
اسلام آباد (اے پی پی) ملک میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.29 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 12.31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔پاکستان بیورو برائے شماریات کی رپورٹ کے مطابق 5 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں 10 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی، 20 کی قیمتوں میں استحکام جبکہ 21 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے پٹرول کی قیمت میں 4.20 فیصد، ڈیزل میں 2.97 فیصد، دال چنا میں 1.08 فیصد، کیلے میں 0.85 فیصد، پیاز میں 0.82 فیصد، خشک دودھ میں 0.730 فیصد، چکن میں 0.61 فیصد، چینی میں 0.40 فیصد، آٹے میں 0.34 فیصد اور دال مونگ کی قیمت میں 0.27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت میں 54.18 فیصد، ایل پی جی میں 3.72 فیصد، آلو میں 2.07 فیصد، انڈوں میں 1.17 فیصد، لہسن میں 1.05 فیصد، جلانے کی لکڑی میں 1.01 فیصد، نمک میں 0.91 فیصد، بریڈ میں 0.64 فیصد، تازہ دودھ میں 0.49 فیصد، دہی میں 0.41 فیصد، ماچس میں 0.16 فیصد اور شرٹس کی قیمت میں 0.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.86 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments