بہاولپور صوبہ بحالی،چھوٹے صوبوں کا قیام،مہم کا آغاز:محمد علی درانی

بہاولپور صوبہ بحالی،چھوٹے صوبوں کا قیام،مہم کا آغاز:محمد علی درانی

موجودہ نظام ناکام ہو چکا ،ملک آگے بڑھانا ہے تو نئے صوبے بنانا ہوں گے نئے صوبوں سے وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوگی:سابق وفاقی وزیر اطلاعات

 اوچ شریف (نمائندہ دنیا) سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے بہاولپور صوبہ بحالی سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں اور مضبوط مقامی حکومتوں کے قیام کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مہم کا باقاعدہ آغاز بہاولپور سے کیا جائے گا۔ اوچ شریف میں تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے رہنما مخدوم سید ناصر عباس بخاری ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے ، کیونکہ موجودہ نظام عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے ۔ اختیارات چند بڑے شہروں تک محدود ہیں، جبکہ دور دراز علاقوں کے عوام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں منظور ہو چکی ہے۔

ریاست بہاولپور کے ساتھ حکومت پاکستان کا معاہدہ ہوا تھا کہ ون یونٹ کے خاتمے کے بعد بہاولپور کو دوبارہ صوبے کا درجہ دیا جائے گا اور یہ معاہدہ آج بھی ریکارڈ کا حصہ ہے ۔ محمد علی نے کہا کہ پورے ملک میں نئے صوبے بننے چاہئیں اور بہاولپور ، ہزارہ صوبے فوری طور پر قائم کیے جائیں۔ نئے صوبوں کے قیام سے انتظامیہ عوام کے قریب آئے گی، وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی اور روزگار، تعلیم و صحت کی سہولتوں میں بہتری آئے گی ۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے عوام کی اقتدار میں شراکت بڑھے گی اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے ، جو سیاسی جماعتیں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کریں گی، وہ عوامی حمایت کھو دیں گی کیونکہ یہ عوام کی آواز ہے اور اسے زیادہ دیر دبایا نہیں جا سکتا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...