پن بجلی میں کمی،ایل این جی بحران،شارٹ فال4ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا

پن  بجلی  میں  کمی،ایل  این  جی  بحران،شارٹ فال4ہزار  میگاواٹ  تک  پہنچ  گیا

رات کے اوقات میں بجلی کی طلب 16 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی، پن بجلی کی پیداوار بھی چار ہزار میگاواٹ رہ گئی ہفتے کو قطر سے مزید ایل این جی کارگوز پہنچنے کی توقع، سپلائی بہتر ہونے سے بجلی کا شارٹ فال ختم ہونے کا امکان

 اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پن بجلی کی پیداوار میں کمی اور ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث ملک میں بجلی کی طلب اور رسد کا فرق بڑھ گیا جس کے نتیجے میں پیک آورز کے دوران تین سے چار گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال چار ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے وقت بجلی کی طلب 10 سے 12 ہزار میگاواٹ رہتی ہے تاہم شمسی توانائی کی دستیابی کے باعث سسٹم پر دباؤ کم رہتا ہے ۔ رات کے وقت طلب بڑھ کر 16 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے ۔پانی کے اخراج میں کمی کے باعث پن بجلی کا حصہ سات ہزار سے کم ہو کر چار ہزار میگاواٹ رہ گیا جبکہ مقامی گیس کی پاور پلانٹس کو فراہمی میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔ ایل این جی سے چلنے والے چھ ہزار میگاواٹ صلاحیت کے پاور پلانٹس بند ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت مہنگے ایندھن والے پلانٹس چلانے سے گریز کر رہی ہے کیونکہ اس سے بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ سکتی ہے ۔ رواں ماہ فیول کاسٹ کی مد میں بجلی فی یونٹ دو روپے مہنگی ہو چکی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کے روز قطر سے مزید ایل این جی کارگوز آنے کی توقع ہے ۔ سپلائی بہتر ہونے سے بجلی کی طلب،رسد کا فرق ختم ہونے اور شارٹ فال پر قابو پانے کی امید ہے ۔ اسی سلسلے میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے قطر کا دورہ بھی کیا ہے ۔ ایل این جی کی دستیابی سے بجلی کے شارٹ فال کو ختم کر دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...