مفاہمتی عمل کیا نئے صوبوں سے بچنے کی حکمت عملی تو نہیں؟
کیا حکومت کو خیبر پختونخوا میں گورنر راج پر پیپلز پارٹی کی تائید حاصل نہیں تھی؟
(تجزیہ:سلمان غنی)
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنما ان دنوں ملک میں سیاسی استحکام اور اہم قومی معاملات پر افہام و تفہیم کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپوزیشن کو نہ چھیڑنے اور اہم ایشوز پر اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر چلنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بہتر تعلقات کی حامی ہے ۔ دوسری جانب پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے بھی سیاسی کشیدگی ختم کرنے کیلئے مذاکرات اور مفاہمت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان تناؤ کم کرانے کی پیشکش کی ہے ۔اب پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے بلاول بھٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا فیصلہ حکومت اور کابینہ نے کیا تھا۔ سوال یہ ہے کہ کیا اس معاملے پر حکومت کو پیپلز پارٹی کی تائید حاصل نہیں تھی؟ ان کے مطابق پیپلز پارٹی اس فیصلے میں فریق نہیں تھی۔ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی اس معاملے پر اپنا سیاسی مؤقف واضح کرتے ہوئے خود کو حکومتی فیصلے سے الگ دکھانا چاہتی ہے ۔
یہ جائزہ لینا ضروری ہے کہ پیپلز پارٹی ملک میں مفاہمت اور افہام و تفہیم پر زور دے کر کیا واقعی کوئی مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے ؟ اگر اسے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر تحفظات ہیں تو اسے واضح پالیسی اختیار کرنی چاہئے تاکہ آئین اور جمہوریت سے اس کی وابستگی سامنے آسکے ۔ تاہم بلاول بھٹو زرداری ایسا کر پائیں گے ، فی الحال اس کا امکان دکھائی نہیں دیتا۔موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے پیپلز پارٹی حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود حکومتی ثمرات سمیٹتی نظر آتی ہے ، لیکن ذمہ داری لینے سے گریزاں ہے ۔ اب بھی وہ خود کو حکومت سے الگ ظاہر کرکے قومی مفاہمت کی علمبردار کے طور پر پیش کر رہی ہے ، جبکہ اقتصادی بدحالی اور سیاسی افراتفری کی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں۔بلاول بھٹو سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی حکومت کے اقدامات فخریہ انداز میں پیش کرنے کے ساتھ سیاسی مفاہمت پر بھی زور دے رہے ہیں۔ بظاہر پیپلز پارٹی اپنا سیاسی مقدمہ مضبوط اور ووٹ بینک مستحکم کرنا چاہتی ہے اور یہ تاثر دے رہی ہے کہ ملک میں استحکام کیلئے صرف وہی سنجیدہ ہے ۔ اس تناظر میں مفاہمت پر زور کو ایک طرح کی بچاؤ کی سیاست بھی قرار دیا جا سکتا ہے ۔ محسوس ہوتا ہے کہ آئندہ سیاسی حالات اور انتخابات کے دباؤ کے پیش نظر پیپلز پارٹی قومی مفاہمت کی اپیل کے ذریعے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی اختیار کر رہی ہے ۔دوسری جانب عوامی محرومیاں بڑھ رہی ہیں اور تلخ حقیقت یہ ہے کہ لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے اب سیاسی قیادت کی طرف دیکھنے کی زحمت بھی نہیں کرتے ، کیونکہ انہیں اس حوالے سے سنجیدگی کی توقع نہیں رہی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments