پختونخوا، بلوچستان : بارود بھری گاڑیوں سے حملے، 3 دہشتگرد ہلاک، 2 شہری، مسجد شہید
ڈی آئی خان میں تھانہ کے گیٹ پرریموٹ کنٹرول سے گاڑی کا دھماکا، پولیس، دہشتگردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ مستونگ میں ایف سی نے قومی شاہراہ پرواقع کنڈاوا پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، 3اہلکاروں سمیت متعدد زخمی
ڈیرہ اسماعیل خان ،پشاور،مستونگ (دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں)پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں تھا نہ کے گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی کا ریموٹ کنٹرول دھماکا، قریبی مسجد شہید ہوگئی جبکہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بھی بارود سے بھری گاڑی سے حملہ کی کوشش،3دہشتگرد مارے گئے جبکہ 2شہری جاں بحق اور 3ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان کی تحصیل پہاڑ پور کے علاقے بند کورائی میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری وین سے بڑا حملہ کر دیا ،حملے میں 600 سے 800 کلوگرام تک بارود استعمال کیا گیا ،اس ریموٹ کنٹرول دھماکا سے تھانے کا مین گیٹ اور دیوار تباہ ،قریبی مسجد شہید ہو گئی ،حملہ کے فوری بعد دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جو کافی دیر تک جاری رہا،دہشت گردوں نے مارٹر گولے بھی فائر کئے تاہم خوش قسمتی سے یہ گولے پھٹ نہ سکے۔
پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کو تھانے میں داخل ہونے سے روک دیا جس پر وہ فرار ہو گئے ،پشاور میں باڑہ شیخان کے علاقے میں پولیس کی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے وابستہ کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب کمانڈر سیف اللہ مارا گیا، مقابلے میں 2 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوگئے ،ادھرمستونگ میں قومی شاہراہ این25 پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے ۔ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق کنڈاوا پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ کرنے کوشش کی گئی، جسے ناکام بنادیا گیا۔ سکیورٹی فورسزکی جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے ، دو شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ، شہید شہریوں میں کلیم اللہ اور بی بی لائبہ شامل ہیں، حملے میں تین ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے ۔ترجمان بلوچستان پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قریبی مکانات اور مسجد کو بھی نقصان پہنچا ،زخمی شہریوں کو طبی امداد کے لیے قریبی طبی مراکز منتقل کردیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments