خیبرپختونخوا، بلوچستان میں آپریشن،خوارج،فتنہ الہندوستان کے 74 دہشتگرد ہلاک
کرم کے علاقے میں 3 نومبر سے متعدد جھڑپیں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 دہشتگرد مارے گئے ، بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد پختونخوا میں میر علی اور اورکزئی تک کارروائیاں بڑھا دیں، 48 گھنٹوں میں 43 دہشت گرد جان سے گئے ،صدر زرداری، شہباز شریف، محسن نقوی کا فورسز کو خراج تحسین
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان اور خوارج کے 74 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 3 نومبر سے کرم کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں جہاں متعدد جھڑپوں کے دوران 31 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک کیے گئے ۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا دائرہ میر علی اور اورکزئی تک بڑھا دیا گیا ہے ۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دئیے گئے ۔علاقوں میں موجود باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی حکمت عملی عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments