اے اللہ امت کو پریشانیوں سے نکال دے، مسجد اقصیٰ کو آزاد فرما: علما، تبلیغی اجتماع دعا کیساتھ ختم
ہر امتی کو دین پر چلنے والا بنا :ابراہیم دیولہ ،اللہ نے دونوں جہانوں کی کامیابی دین میں رکھی :مولاناعبیداللہ ودیگرکاخطاب دعا میں دنیا بھر کے مظلوم ،محصور مسلمانوں کیلئے خصوصی التجائیں ،آخری روز شرکا کی تعداد 5لاکھ سے متجاوز
رائیونڈ (نیوز ایجنسیاں )سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آہوں، سسکیوں اوررقت آمیز دعاکے ساتھ اختتام پذیرہوگیا۔ اختتامی دعامولانا ابراہیم دیولہ آف انڈیانے کرائی،دعا صبح8بجکر 25منٹ پر شروع ہو کر 9بجکر 45منٹ پر ختم ہوئی،دعا میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مظلوم ،محصور مسلمانوں کیلئے اللہ کے حضورخصوصی التجائیں کی گئیں ، بعد نماز فجر حضرت مولانا عبیداللہ خورشید نے کہا کہ اللہ پاک نے دونوں جہانوں کی کامیابی دین میں رکھی ہے ، قبر کو روشن کرنے والی واحد نماز ہے ، خود اور اپنے اہل خانہ کو دین کا پابند بناؤ، پردے کا اہتمام ہر امتی پر فرض ہے ۔ اجتماع میں نئے شرکت کرنے والے ہزاروں افراد نے دعوت و تبلیغ میں وقت دینے کا عزم کرتے ہوئے چلہ لگانے کا ارادہ کیا ہے ،ہزاروں افراد نے اپنی زندگیاں دین اسلام کے فروغ کیلئے وقف کرنے کا بھی عزم کیا کہ اس رنگین معاشرے میں اللہ اور پیارے نبی ؐ کے مشن کو بھول گئے تھے۔
دنیا کی رنگینیوں سے منہ موڑ کر اپنی زندگی تبلیغی مشن کی تکمیل میں لگا ئیں گے ۔حضرت مولانا ابراہیم دیولہ نے دعاکرائی ، اے اللہ ہر امتی کو دین پر چلنے والا بنا، ہماری محنت کو قبول فرما اور ساری دنیا کو دین کا پیروکار بنادے ، ہمیں اپنے آقا کی سنتوں کا پابند بنادے ، تو بخشنے والا ہے ،تیرے سوا ہمارا کوئی نہیں، ہماری توبہ قبول فرما،مسلمان ملکوں میں اتحاد اور امن کی فضا پیدا کر دے ، اے اللہ فلسطین کے مسلمانوں کو خوشحالی نصیب فرما،مسجد اقصیٰ کو یہودو ہنود کے چنگل سے آزاد فرما ، اے اللہ امت کو پریشانیوں سے نکال دے ۔ پنڈال بھر جانے کی وجہ سے ہزاروں افراد نے سڑک پر بیٹھ کر اختتامی دعا مانگی،شرکا اشکبار آنکھوں کے ساتھ اپنے گناہوں کی معافی اور بخشش مانگتے رہے ، عالمی تبلیغی اجتما ع کے آخری روز شرکا کی تعداد 5لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments