موسمیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کو 565 ارب ڈالرز درکار
اسلام آباد (ماہتاب بشیر )پاکستان کو 2035 تک اپنے ماحولیاتی اہداف حاصل کرنے کیلئے تقریباً 565 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ، تاہم قرضوں کی ادائیگی کا بھاری بوجھ، محدود مالی وسائل اور عالمی سطح پر ناکافی موسمیاتی معاونت۔۔۔۔
ان اہداف کے حصول میں بڑی رکاوٹ ، پاکستان نے اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 میں موسمیاتی موافقت، نقصانات کے ازالے اور گلیشیئرز کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے مؤثر عالمی مالی معاونت کا مطالبہ کیا ،وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام کے مطابق پاکستان نے ستمبر 2025 میں اقوام متحدہ کو پیش تیسری قومی موسمیاتی شراکت (این ڈی سی) کے تحت 2035 تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 50 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا ،اس میں سے 17 فیصد کمی پاکستان اپنے وسائل سے کرے گا، جبکہ باقی 33 فیصد کمی کا انحصار بین الاقوامی مالی اور تکنیکی معاونت پر ہوگا، پاکستان کے قومی موسمیاتی منصوبے کے مطابق 2050 تک دریائے سندھ کے نظام میں پانی کے بہاؤ میں 20 سے 30 فیصد تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔
جس سے زراعت، غذائی تحفظ، پن بجلی کی پیداوار اور لاکھوں افراد کی زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ،وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شیزرا منصب علی خان کھرل نے کہا ہے کہ پاکستان کو 2035 تک اپنے موسمیاتی وعدے پورے کرنے کے لئے 565 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہے ، تاہم حکومتی آمدن کا 60 فیصد سے زائد حصہ قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہونے کے باعث موسمیاتی اقدامات کے لئے وسائل محدود ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر 2035 تک موسمیاتی موافقت کے لئے مالی معاونت تین گنا کرنے کے وعدے کے باوجود اس اضافے کی بنیاد واضح نہیں ، نقصانات کے ازالے کے فنڈ کے تحت 119 ممالک کی جانب سے 2.8 ارب ڈالر کی مالی معاونت کے لیے 176 اہل درخواستیں موصول ہوئی ہیں، تاہم فنڈ کے ابتدائی مرحلے کے لیے صرف 342 ملین ڈالر دستیاب ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments