وزیراعظم کی چھوٹے ، درمیانے کاروبارکیلئے ضلعی سطح پر سہولت مراکز قائم کرنے کی منظوری
برآمد کنندگان کے وفد کی ملاقات، ایس ایم ای سیکٹر ، نئے ایکسپورٹرز کیلئے 300 ارب مختص کئے ہیں :شہباز شریف اجلاس میں ایس ایم ای سہولت مراکز کے پائلٹ پراجیکٹ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قائم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs)سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات کی ، اس دوران ایس ایم ایز کے فروغ اور برآمدات میں آسانی پیدا کرنے کیلئے وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ کی سطح پر ایس ایم ای سہولت مراکز بنانے کی منظوری دیدی ، ایس ایم ای سہولت مراکز کے پائلٹ پراجیکٹ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قائم کرنے کی ہدایت بھی کردی ۔اجلاس میں وفاقی وزراء، رانا تنویر حسین، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے ۔
وزیراعظم شہباز شریف سے برآمد کنندگان کے وفد کی ملاقات میں حکومتی اقدامات کی پیشرفت اور انکے مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیراعظم نے جلد خراب ہونے والی اشیاء کو برآمد کرنے کیلئے کولڈ سٹوریج کا پائیدار نظام قائم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،برآمدات میں اضافے کیلئے سہولیات مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،عوام میں کاروبار قائم کرنے کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کے لیے تمام اقدامات لیے جائیں،ایکسپورٹ فائنانس سکیم میں ایس ایم ای سیکٹر اور نئے ایکسپورٹرز کیلئے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں،مختص رقم صرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے مخصوص ہوگی ، پاکستانی برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعتوں کو برآمدی معیارسے ہم آہنگ کرنے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور سمیڈا کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دی ہے ۔وفد کے شرکاء نے حکومت کے اقدامات کو سراہا اورچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔وزیر اعظم نے وفد کی قابل عمل تجاویز پر غور کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments