پاکستان کی ترکمانستان کو کاسا 1000کا حصہ بننے کی دعوت،ازبکستان تک توسیع کی تجویز
اویس لغاری سے ترکمانستان کے وزیرتوانائی کی ملاقات، ٹاپ منصوبے کیلئے تکنیکی ورکنگ گروپس کا اجلاس جلد بلانے پر زور کاسا 1000 منصوبہ آئندہ سال مکمل ہونے کی امید، پاکستان کو تاجکستان سے بجلی کی برآمد جلد شروع ہو گی، تاجک وزیر خارجہ
اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے اسلام آباد میں ترکمانستان کے وزیرِ توانائی اناگیلدی ساپاروف نے ملاقات کی، توانائی کے شعبے میں تعاون، علاقائی گرڈ کنیکٹیویٹی اور ترکمانستان،افغانستان،پاکستان (ٹاپ)بجلی کی ترسیل کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اویس لغاری نے ترکمانستان کے وزیرِ توانائی کو کاسا 1000 کا حصہ بننے کی دعوت دی اور بتایا کہ پاکستان نے تاجکستان اور کرغزستان کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ کاسا-1000 ٹرانسمیشن لائن کو ازبکستان اور ترکمانستان تک توسیع دینے کے امکانات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا پاکستان بجلی کی پیداوار میں سرپلس ہے اور مسابقتی توانائی کی منڈی متعارف کرا رہا ہے ۔ وزیر نے ٹاپ منصوبے کیلئے تکنیکی ورکنگ گروپس کا اجلاس جلد بلانے اور چند ہفتوں میں روڈ میپ مرتب کرنے پر زور دیا۔
ترکمانستان کے وزیرِ توانائی اناگیلدی ساپاروف نے ٹاپ منصوبے کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بتایا کہ ترکمانستان افغانستان تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا کام مکمل کر چکا ہے جبکہ افغانستان سے کوئٹہ تک 1,150 کلومیٹر طویل منصوبے کے بقیہ مراحل اور فزیبلٹی کے جائزے پر تکنیکی ورکنگ گروپ کے ذریعے کام آگے بڑھایا جائے گا۔ فریقین نے تکنیکی مسائل کے حل اور منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے فوکل پرسنز کے درمیان باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔دوسری طرف تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ سال کاسا-1000 بجلی منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے انتہائی اہم ثابت ہوگا ،جس سے تاجکستان جلد پاکستان کو بجلی برآمد کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ ای سی اووزرائے خارجہ کی کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تاجک وزیر خارجہ نے کہا تاجکستان منصوبے کے اپنے حصے پر پہلے ہی کافی کام مکمل کر چکا ہے اورامید ظاہر کی کہ دیگر شراکت داروں کے تعاون سے افغانستان کے حصے پر بھی کام مکمل کر لیا جائے گا، افغانستان کی صورتحال کے باعث بدقسمتی سے اس منصوبے کی تکمیل میں کافی وقت لگ چکا ہے تاہم امید ہے کہ تاجکستان کی بجلی جلد پاکستان پہنچنا شروع ہو جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments