ریفرنڈم کی آئین میں کوئی قانونی حیثیت نہیں ،صوبائی اسمبلی فیصلہ سنا چکی:سندھ حکومت
آئین کے تحت نئے صوبے کا فیصلہ وہاں کی اسمبلی کی اکثریت سے ہوگا،ایم کیو ایم کودوبارہ خوف کی سیاست نہیں کرنے دینگے حکومت سندھ ترقیاتی کاموں میں سب سے آگے ،فارم 47 کی پیداوار جماعتیں عوام کو گمراہ کررہیں،شرجیل،پریس کانفرنس
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئین کے تحت نئے صوبے کا قیام متعلقہ صوبائی اسمبلی کی اکثریت سے ہی ممکن ہے ، ریفرنڈم کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، سندھ اسمبلی اس معاملے پر فیصلہ سنا چکی ہے ۔ ایم کیو ایم کو کراچی میں دوبارہ خوف اور دہشت کی سیاست نہیں کرنے دیں گے ۔ حکومت سندھ ترقیاتی کاموں میں سب سے آگے ہے جبکہ فارم 47 کی پیداوار جماعتیں عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے 10 لاکھ سے زائد گھر مکمل کر لیے ہیں جبکہ مزید 7 لاکھ گھروں پر کام جاری ہے ۔ یہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن تھا۔ صوبے میں 205 کلومیٹر حفاظتی پشتے تعمیر کیے گئے اور 12 اضلاع میں ایک لاکھ 57 ہزار ہیکٹر زرعی زمین دوبارہ قابل کاشت بنائی گئی۔ منچھر جھیل کا 30 کلومیٹر طویل حفاظتی بند بھی تعمیر کیا گیا۔ 2027ء تک سندھ کے تمام بیراج جدید خودکار نظام پر منتقل کرنے کا ہدف ہے ، دوسرے صوبے بھی سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات سے بھاگ گئی تھی، کراچی کے اداروں کو ماضی میں تباہ کیا گیا اور ایک ہی ملازم کو مختلف اداروں سے تنخواہیں دی جاتی تھیں۔ پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ واضح ہے ، ایم کیو ایم جتنی نشستوں پر چاہے انتخابات لڑ کر دکھائے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم دوبارہ خوف اور دہشت کی سیاست کرنا چاہتی ہے ، لیکن کراچی کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ ماضی میں سانحہ 12 مئی جیسے واقعات کا دفاع کیا جاتا رہا۔ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ آئین میں طریقہ کار واضح ہے ، متعلقہ صوبائی اسمبلی کی اکثریت کے بغیر نیا صوبہ نہیں بن سکتا۔ کوئی جماعت سو مرتبہ بھی ریفرنڈم کرا لے ، اس کی آئینی حیثیت نہیں ہوگی۔ سندھ اسمبلی میں اس معاملے پر مختلف آرا سامنے آئیں، تاہم فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے ۔ وفاقی وزیر کو اپنی رائے دینے کا حق ہے ، قومی اسمبلی میں بل آیا تو صورتحال واضح ہو جائے گی۔شرجیل میمن نے کہا کہ جلسے کیلئے ہر جماعت کو حکومت سے اجازت لینا ہوگی۔ جی ڈی اے سمیت کسی سیاسی جماعت کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی گئی ، کسی کے نقطہ نظر سے اختلاف کا مطلب یہ نہیں کہ اس کے خلاف کفر کے فتوے جاری کیے جائیں۔ ایم کیو ایم رہنماؤں سے ذاتی دوستی اپنی جگہ، تاہم سیاسی مؤقف الگ ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments