ڈی جی نیب شہزاد سلیم کیخلاف چارج شیٹ، انکوائری کالعدم
سپریم کورٹ سے طے شدہ معاملات دو دہائیوں بعد نہیں کھولے جا سکتے :آئینی عدالت اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم، شکایت کنندہ کی تصدیق نہ کرنا غیر پیشہ ورانہ طرز عمل کٹوتی شدہ پنشن بحالی کیلئے 15سال یکساں مدت مقرر نہیں کی جا سکتی:تفصیلی فیصلے جاری
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ نیب حکام کسی افسر کی تقرری اور تعلیمی قابلیت سے متعلق ان معاملات کو دو دہائیوں بعد دوبارہ نہیںکھول سکتے جن کا سپریم کورٹ پہلے ہی جائزہ لے چکی ہو اور ان پر کارروائی بھی مکمل ہو چکی ہو، عدالت نے نیب کے ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم کے خلاف جاری چارج شیٹ اور محکمانہ انکوائری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دے دیا۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس محمد کریم خان آغا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے شہزاد سلیم کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا 12 مئی 2026 کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیا اور شہزاد سلیم کی آئینی درخواست منظور کر لی۔عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ محض کسی افسر کی تقرری میں قواعد کی خلاف ورزی کو اس افسر کا مس کنڈکٹ قرار نہیں دیا جا سکتا جب تک تقرری حاصل کرنے میں اس کی دھوکہ دہی، غلط بیانی، حقائق چھپانے یا کسی قسم کی بدعنوانی کا الزام موجود نہ ہو۔ فیصلے کے مطابق شکایت کنندہ نے شہزاد سلیم کی ملازمت، تقرری، ترقیوں اور تعلیمی قابلیت سے متعلق انتہائی تفصیلی معلومات فراہم کیں تاہم نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ شکایت کنندہ کی شناخت تک کی تصدیق نہیں کی گئی تھی، نیب نے شکایت پر کارروائی سے قبل اپنے انسانی وسائل کے ریکارڈ اور سپریم کورٹ میں پہلے جمع کرائے گئے مؤقف کا مناسب جائزہ نہیں لیا جو ادارے کی غفلت اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل کو ظاہر کرتا ہے ۔ علاوہ ازیں وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس محمد کریم خان آغا پر مشتمل بینچ نے پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے سابق ملازمین کی پنشن سے متعلق چار اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیئے اور کہا ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا کٹوتی شدہ حصہ بحال کرنے کے لیے 15 سال کی یکساں مدت مقرر نہیں کی جا سکتی بلکہ اس کا تعین متعلقہ ملازم کی ریٹائرمنٹ کے وقت عمر اور پنجاب سول سروسز پنشن رولز 1963 میں دیئے گئے مقررہ فارمولے کے مطابق کیا جائے گا۔ مزید برآں وفاقی آئینی عدالت نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا 15 جنوری 2016 کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جس میں اراضی کا ازسرنو حصول 90 روز میں مکمل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments