پنجاب: بلدیاتی انتخابات 2 مراحل میں ہونگے ، الیکشن کمیشن نے منضوری دیدی
پہلے مرحلے میں لاہور، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور،ننکانہ صاحب، قصور،ڈیرہ غازی خان ، لودھراں، سرگودھا، حافظ آباد ،بھکر سمیت 21اضلاع میں پولنگ گوجرانوالہ ،ملتان، میانوالی، لیہ، جھنگ،فیصل آباد ،وہاڑی،گجرات سمیت 20اضلاع میں دوسرے مرحلے میں الیکشن :چیف سیکرٹری کو باضابطہ مراسلہ جاری
اسلام آباد (ایس ایم زمان) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں دو مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دے دی ہے ، جس کے تحت پنجاب کے 41 اضلاع میں دو مرحلوں میں پولنگ ہوگی، الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کو باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت کردی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات پہلے مرحلے میں 21 شہروں میں ہوں گے ، ان اضلاع میں چکوال،تلہ گنگ، پاکپتن، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور، نارووال، چنیوٹ، خانیوال، ننکانہ صاحب، قصور، راولپنڈی اور مری، ڈیرہ غازی خان اور تونسہ، لاہور، بہاولپور، لودھراں، سرگودھا، حافظ آباد اور بھکر شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں 20 اضلاع میں انتخابات منعقد ہوں گے ، ان میں ساہیوال، گوجرانوالہ اور وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، جہلم، شیخوپورہ، مظفرگڑھ اور کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ملتان، میانوالی، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمیشن دفتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول و انعقاد کے لیے کارروائی کا آغاز کیا اور انتظامی و قانونی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments