گندھاراورثے کی عالمی شناخت پرسٹریٹجک ڈائیلاگ شروع
پہلے روز آٹھ ممالک کے بدھ مت رہنماؤں، عالمی ماہرین، اعلیٰ حکام کی شرکت گندھارابدھ مت کی تعلیمات کاعظیم مرکز، تعاون بڑھائیں گے :اورنگزیب
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)مشترکہ مستقبل کی جانب کے موضوع کے تحت گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 کا آغاز بدھ کے روز وزارتِ خارجہ میں ہوا، جس میں آٹھ ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں، بین الاقوامی ماہرین، سفارت کاروں، ارکانِ پارلیمنٹ اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ مکالمے کا مقصد پاکستان کے گندھارا ورثے کے تحفظ، فروغ اور عالمی سطح پر اس کی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر غور کرنا ہے ۔یہ مکالمہ وزیراعظم کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے گندھارا کا اقدام ہے ، جس کی سربراہی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کر رہے ہیں، جبکہ عمران شوکت اس کے کوآرڈینیٹر ہیں۔وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گندھارا خطے کی قدیم تاریخ کا ایک نہایت اہم اور ممتاز باب ہے ، جو بدھ مت کی تعلیمات، فلسفے ، فن اور ثقافت کا ایک عظیم مرکز رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس عظیم تاریخی ورثے کا امین ہونے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس کے تحفظ کو عالمی برادری اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مشترکہ ذمہ داری سمجھتا ہے ۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت گندھارا سے تاریخی اور روحانی تعلق رکھنے والے ممالک کے ساتھ ثقافتی اور علمی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments