دستاویزات پڑھتے ہیں نہ ہی تیاری کرتے ،جسٹس حسن وکلا پربرہم
کتنے لوگ کوئٹہ سے آئے ، بلاوجہ خرچہ کراتے ہیں، وکیل الیکشن کمیشن سے استفسار یہ کورٹ آف جسٹس نہیں کورٹ آف لا ہے :جسٹس کریم آغا، سندھ کی نظرثانی اپیلیں مسترد 700ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی شہریوں کے نام منتقلی میں نیب سے مکمل ریکارڈ طلب
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)وفاقی آئینی عدالت نے سابق یونین کونسل چیئرمین محمد اللہ شیرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر رپورٹ جمع نہ کرانے پر لیکشن کمیشن اور بلوچستان حکومت کے وکلا پر برہمی کا اظہار کیا ۔جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی،حکومت بلوچستان کے وکیل نے بتایا کہ رپورٹ تیار ہے نقول کرا کر عدالت میں جمع کرانی ہیں۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ آج کل دستاویزات کی نقول تیار کرانے میں کتنا وقت لگتا ہے ؟ دستاویزات پڑھتے ہیں اور نہ ہی کیس کی تیاری کی ہے ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ آج اس کیس کیلئے کتنے لوگ کوئٹہ سے آئے ہیں؟ آپ لوگوں کا بلاوجہ خرچہ کراتے ہیں، گزشتہ سماعت پر بھی الیکشن کمیشن کی وجہ سے کیس ملتوی ہوا تھا۔ عدالت نے مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔ادھر وفاقی آئینی عدالت نے پولیس افسران کی ترقیوں کے خلاف وزارت داخلہ سندھ کی نظرثانی اپیلیں 171 دن زائد المیعاد ہونے اور تاخیر کی معقول وجہ پیش نہ کرنے پر مسترد کر دیں۔ سرکاری وکیل نے کہا عدالت انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے مقدمات میرٹ پر سنے ۔ جسٹس کریم خان آغا نے ریمارکس دیئے کہ یہ کورٹ آف جسٹس نہیں بلکہ کورٹ آف لا ہے ، آپ نے اور ہم نے قانون پر ہی عمل کرنا ہے ۔ علاوہ ازیں وفاقی آئینی عدالت نے جامشورو میں 700 ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی مبینہ جعل سازی کے ذریعے شہریوں کے نام منتقل کرنے کے مقدمے میں سابق ڈپٹی کمشنر جامشورو سہیل باچانی سمیت 10 ملزمان کی سزا کے خلاف اپیلوں پر نیب عدالت سے مقدمے کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیااورسماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments