پاکستان، آسیان کا سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان، آسیان کا سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر مذاکرات ،امن و خوشحالی کیلئے شراکت داری کا عزم تعلقات عملی تعاون میں بدلنے نے کا اہم موقع، سیکرٹری جنرل آسیان ،نائب وزیراعظم

 اسلام آباد (دنیا نیوز، اے پی پی )پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) نے تجارت، ڈیجیٹل معیشت، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ، سائبر خطرات اور علاقائی روابط سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ باہمی تعاون کے وسیع تر غیر استعمال شدہ امکانات کو عملی کامیابیوں میں تبدیل کیا جائے گا ، پاکستان اور آسیان کے درمیان تعلقات اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر جمعرات کو یہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے پاکستان اور آسیان کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اسحاق ڈار نے آسیان کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں، پاکستان آسیان کے ساتھ شراکت داری آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے ۔نائب وزیراعظم نے بتایا کہ وفود کی سطح پر مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آسیان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کا اہم موقع موجود ہے، دونوں کے درمیان اقتصادی تعاون اور عوامی روابط بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کی مشترکہ منڈی میں تقریباً 95 کروڑ افراد شامل ہیں، تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے ،ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ قابل تجدید توانائی، غذائی تحفظ اور پائیدار زراعت کے شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں، پاکستان آسیان ریجنل فورم میں فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔آسیان کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی قانون کی پاسداری علاقائی اور عالمی امن کے لئے ضروری ہے ،انہوں نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...