کسی کے سہارے اقتدار میں نہیں آنا چاہتے :حافظ نعیم
کامیاب ہوں یا نہ ہوں ظلم کا راستہ روکنے کیلئے انتخابات لڑتے رہیں گے :خطاب کرشنگ کا آغاز نہ کرنے پرجماعت اسلامی کے پنجاب شوگر ملز کے باہر احتجاجی مظاہرے
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر جماعت ہے ،جماعت اسلامی دیگر سیاسی جماعتوں سے الگ اور منفرد پہچان رکھتی ہے ، ہم رائے عامہ کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتے ہیں، کراچی کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈالا، میئرشپ پر شب خون مارا گیا، کراچی کے عوام پیپلز پارٹی سے نجات چاہتے ہیں، جماعت اسلامی کسی کے سہارے سے اقتدار میں نہیں آنا چاہتی،منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسلام کے غلبہ کی جدوجہد کررہی ہے ،ہم تحریک کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے انتخابات میں حصہ لیتے ہیں،ہم کامیاب ہوں یا نہ ہوں ظلم اور اللہ کی نافرمانی کا راستہ روکنے کے لئے انتخابات میں حصہ لیتے رہیں گے ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فرقہ و مسلک پرست جماعت نہیں، اسلامی انقلابی تحریک ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا سیاسی و انتخابی میدان میں دیگر جماعتوں سے مقابلہ ہوتا ہے مگر خدمت کے میدان میں جماعت اسلامی کا مقابلہ کوئی جماعت نہیں کر سکتی،دریں اثنا حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر پنجاب بھر میں شوگر ملوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ،مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کا استحصال اور معاشی قتل عام فوری بند کیا جائے ، گنے کی کرشنگ کا آغاز کیا جائے ، بند شوگر ملوں کو فوری چلایا جائے اور گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments