ایس سی او اجلاس،وفاقی وزیر مصدق ملک نئی دہلی پہنچ گئے

ایس سی او اجلاس،وفاقی وزیر مصدق ملک نئی دہلی پہنچ گئے

سیویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں وفد کی قیادت، تہذیبی ورثے پر بات کرینگے مجھے یقین ہے بھارت کیساتھ ہمارے تمام تعلقات بہتر ہوں گے :مصدق ملک

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے سیویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے ۔نئی دہلی آمد پر پاکستان کے ناظم الامور نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انڈیا کی وزارتِ ثقافت کے ڈائریکٹر اور وزارتِ خارجہ کے متعلقہ اہلکار بھی موجو دتھے ۔ سیویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم کے دوران ایس سی او کے رکن ممالک کے مشترکہ تہذیبی ورثے ، تاریخی روابط اور ثقافتی تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ‘تہذیبوں اور ثقافتوں پر کثیرالجہتی مکالمے کا یہ ایک شاندار موقع ہے ۔ثقافتیں اور تہذیبیں سرحدوں سے ماورا ہوتی ہیں، اس لیے یہ خوش آئند بات ہے کہ ہم یہاں اپنی تاریخ، جغرافیے ، ثقافتوں اور تہذیبوں پر گفتگو کر رہے ہیں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا اس طرح کے رابطوں سے پاکستان اور انڈیا کے تعلقات میں بہتری آنے کا امکان ہے ، تو انھوں نے کہا: ‘مجھے یقین ہے کہ ہمارے تمام تعلقات بہتر ہوں گے ۔ آپ جانتے ہیں کہ خطہ اس وقت تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے اور جغرافیائی سیاست کے بنیادی خدوخال بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔مجھے امید ہے کہ ہم وسیع تناظر میں معاملات کو دیکھیں گے اور جغرافیائی سیاست، غربت اور دیگر تمام مسائل پر بات چیت کے ذریعے خطے کے مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے ۔مصدق ملک نے مزید کہا کہ حقیقی مکالمہ ہمیشہ دو الگ اور ممتاز شناختوں کے درمیان ہوتا ہے ، جبکہ یک رنگی یا مصنوعی یکسانیت کے ماحول میں صرف یک طرفہ صدا یعنی "مونولوگ" گونجتی ہے ، جہاں بامعنی مکالمے کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...