پاکستان کے معدنی وسائل سے متعلق بھارتی الزامات مسترد

پاکستان کے معدنی وسائل سے متعلق بھارتی الزامات مسترد

غیر ذمہ دارانہ بیانات داخلی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت:ترجمان دفتر خارجہ ریاض میں عمارت ،ٹاور پر حملے سعودی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی:سجاد حیدر

اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف عائد کیے گئے غیر سفارتی، غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزامات کو سختی سے  مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معدنی وسائل سے متعلق بھارتی الزامات کی کوئی اہمیت نہیں اور اقوام متحدہ کے حالیہ اجلاس میں پاکستانی نمائندے نے ان کا فوری اور مؤثر جواب دیا۔بھارت کے یہ غیر ذمہ دارانہ بیانات پاکستان کے داخلی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی روح کے منافی ہیں۔ بھارت پاکستان کی جانب سے آبی دہشت گردی سے متعلق جائز تحفظات کا جواب دینے کے بجائے پاکستان کے قومی اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے یہ غیر ذمہ دارانہ بیانات پاکستان کے داخلی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی روح کے منافی ہیں۔ پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے حوالے سے بھارت کی مخالفت بھی واضح ہے ۔ بھارت مسلسل پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کر رہا ہے ۔ پاکستان بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی اور معاونت میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد بارہا عالمی سطح پر پیش کر چکا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے کہا کہ 31 اگست 2026 کو معاہدے کے تحت قائم ثالثی عدالت نے متفقہ طور پر فیصلہ دیا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور مکمل طور پر نافذ العمل اور قانونی طور پر دونوں ممالک کے لیے پابند ہے ۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا ختم کرنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔پاکستان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں سے وابستگی کے حوالے سے سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے ۔پاکستان نے بھارت کو مشورہ دیا کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو بے بنیاد الزامات کے لیے استعمال کرنے کے بجائے اسے جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے ، جہاں بھارتی قابض افواج کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ بھارت کو دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنے طرز عمل پر نظرثانی اور اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانی چاہیے ۔جمعہ کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر نے کہا پاکستان خطے میں امن و استحکام، اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اگلا باضابطہ اجلاس رواں ماہ کے آخر میں پاکستان میں منعقد ہوگا، جس میں معاہدے پر پیش رفت، ادارہ جاتی رابطوں اور باہمی دلچسپی کے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا ایرانی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔پاکستان امید کرتا ہے کہ دونوں فریق مفاہمتی یادداشت کی بنیاد پر اپنے اختلافات دور کریں گے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے ۔انہوں نے کہا وسطی غزہ میں اسرائیلی فوجی دراندازی جنگ بندی معاہدے کی سنگین خلاف ورزی اور امن کی عالمی کوششوں کے لیے خطرہ ہے ۔پاکستان نے بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ بھی فلسطینی عوام کے تحفظ، امن کے فروغ اور خونریزی کے خاتمے کی کوششوں کے تحت کیا ہے ۔

انہوں نے کہا افغانستان کی اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) میں رکنیت معطل ہے اور اسلام آباد میں ہونے والے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اسے مدعو نہیں کیا گیا، کیونکہ پاکستان نے موجودہ افغان حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔پاکستان اور افغانستان کی سرحدیں بند ہیں اور اس وقت تجارت نہیں ہو رہی۔ توانائی کی درآمدات کے حوالے سے پاکستان مختلف ممالک سے ذرائع متنوع بنانے کا خواہاں ہے اور ترکمانستان سے توانائی تعاون اور تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔انہوں نے کہا ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت اور کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور کو نشانہ بنانے کے واقعات سعودی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان کا مؤقف میانمار کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کے بیان کے مطابق ہے ۔ایران سے مبینہ روابط کے الزام میں امریکی عدالت کی جانب سے پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال قید کی سزا سنائے جانے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اس معاملے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم اب تک کوئی واضح معلومات موصول نہیں ہوئیں۔ آصف مرچنٹ کی جانب سے قونصلر رسائی کی کوئی مخصوص درخواست بھی موصول نہیں ہوئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...