ای سی سی نے4لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دیدی:مقامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کا خدشہ
8 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی درخواست دی گئی تھی، گزشتہ اجازت سمیت اب مجموعی طور پر 6لاکھ ٹن برآمد کی جائے گی ایس ایم ایز کی برآمدات بڑھانے کیلئے ایکسپورٹ فنانسنگ سہولت میں ترامیم، برآمدات کی کم از کم حد 80سے 50فیصد مقرر
اسلام آباد (مدثر علی رانا) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 4 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد گزشتہ اجازت سمیت برآمد کی مجموعی مقدار 6 لاکھ ٹن ہو گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق 8 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی درخواست دی گئی تھی۔ ایک اہم عہدیدار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چینی کی برآمد سے مقامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال میں بھی چینی برآمد کرنے کی اجازت کے بعد مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔ وزارت خزانہ نے سرکاری اعلامیے میں برآمد کی مقدار کا ذکر نہیں کیا، تاہم کہا ہے کہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور ان کی پیداوار کی مناسب قیمت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ای سی سی نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی برآمدات بڑھانے کیلئے ایکسپورٹ فنانسنگ سہولت میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ ایگزیم بینک کے ذریعے فراہم کی جانے والی لانگ ٹرم ایکسپورٹ گروتھ فنانسنگ سہولت کے تحت چار سال میں برآمدات کی کم از کم حد 80 سے کم کرکے 50 فیصد کر دی گئی ہے ۔ کمیٹی نے چھ ماہ بعد پیشرفت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
ای سی سی نے اقلیتی فلاحی فنڈ کیلئے 10 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی۔ رقم مالی امداد، سکالرشپس، یتیم اقلیتی بچیوں کی شادی، ہنگامی ریلیف اور عبادت گاہوں کی مرمت پر خرچ ہوگی۔کمیٹی نے دانش سکولز اتھارٹی کیلئے پہلے سے منظور شدہ 2 ارب روپے میں سے 50 کروڑ روپے مالی سال 2026-27 کے دوران آپریشنل اخراجات کیلئے مختص کرنے کی منظوری دی۔ رقم تنخواہوں، بورڈنگ، یوٹیلیٹیز، ٹرانسپورٹ، سکیورٹی اور دیکھ بھال پر خرچ ہوگی۔اجلاس میں پاکستان رینجرز کے ہیلی کاپٹر کے سپیئر پارٹس کیلئے 2 کروڑ 65 لاکھ، سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اور سوشل میڈیا کمپلینٹ کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 10 کروڑ اور فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے ہیلی کاپٹروں کی مرمت کیلئے 6 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گرانٹس بھی منظور کی گئیں۔ اس کے علاوہ پاک عرب پائپ لائن کمپنی کے بقایا گارنٹیڈ کلیم کے تصفیے کیلئے ایک ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments