بدعنوانی کی جائزہ رپورٹ تیار،10اداروں میں کرپشن کے امکانات،انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی

بدعنوانی  کی  جائزہ  رپورٹ  تیار،10اداروں  میں  کرپشن  کے  امکانات،انتظامی  کمزوریوں  کی  نشاندہی

رپورٹ کسی ادارے کے خلاف چارج شیٹ نہیں ، 400اصلاحاتی اقدامات،5سال میں 159مکمل کئے جائیں گے اداروں کی رائٹ سائزنگ کی جارہی ، پی ڈبلیو ڈی کو بند کرنیکا فیصلہ ہو چکا،پاسکو کی بندش کا عمل جاری ہے ،اعظم نذیر تارڑ ایف بی آر میں اصلاحات کا مقصد شفافیت:اظہر کیانی ، کئی ادارے بند کر دئیے ،الیکشن کمیشن سے معذرت کرلی :عطاتارڑ

 اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک )  وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت نے خود احتسابی کے تحت وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے ممکنہ راستوں، مالیاتی بے ضابطگیوں کے خدشات اور نظامی کمزوریوں کی نشاندہی کے لیے جامع کرپشن رسک اسیسمنٹ مکمل کر لیا ہے ،دس سرکاری اداروں میں کرپشن کے امکانات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کر دی، یہ رپورٹ کسی فرد یا ادارے کے خلاف فردِ جرم نہیں بلکہ سرکاری اداروں میں شفافیت، میرٹ اور بہتر طرز حکمرانی یقینی بنانے کے لیے اصلاحاتی دستاویز ہے ، بجلی کے شعبے میں اصلاحات سے 3500 ارب روپے کی متوقع بچت ہوگی جبکہ گزشتہ چار سال کے دوران ٹیکس وصولی 9400 ارب روپے سے بڑھ کر 13 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے گورننس اصلاحاتی پروگرام کے تحت ٹارگٹ 11 کے سلسلے میں مختلف وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنریبلٹیز مکمل کیا ہے جو حکومتی سطح پر خود احتسابی کی جانب اہم قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں سرکاری اداروں کی کارکردگی، مالیاتی معاملات اور انتظامی نظام کا تفصیلی جائزہ لے کر ان کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں بدعنوانی کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس کا مقصد کسی ادارے یا فرد پر الزام عائد کرنا نہیں بلکہ ان خامیوں کو دور کرنے کے لیے موثر اصلاحات تجویز کرنا ہے ،مالیاتی لین دین کا حجم زیادہ رکھنے والے اداروں میں بدعنوانی کے خطرات بھی نسبتاً زیادہ ہوتے ہیں، اس لیے ایسے اداروں کے نظام کا جائزہ لینا، مالیاتی معاملات میں شفافیت لانا اور انسانی مداخلت کم کرنا ضروری ہے ۔ رپورٹ میں صرف خامیوں کی نشاندہی ہی نہیں کی گئی بلکہ ان کے تدارک اور ادارہ جاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کی گئی ہیں،سرکاری اداروں کی تنظیم نو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر ضروری اور کم کارکردگی والے محکموں کو ختم کرنے اور ان کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے ۔

پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کی بندش کا فیصلہ اسی سلسلے کی کڑی ہے جبکہ اس کے ملازمین کے لیے پیکیج بھی طے کیا گیا ہے ، آئندہ تعمیراتی منصوبوں پر عمل درآمد چھوٹے ٹھیکیداروں اور صوبائی محکموں کے ذریعے کرایا جائے گا، پاسکو کی بندش کا عمل بھی جاری ہے اور اس سلسلے میں متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں،حکومت کا مقصد غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کرنا، اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا اور قومی وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنانا ہے ،وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالتے ہی بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کیا اور مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لے کر ضروری اقدامات کیے ۔ ان اصلاحات کے نتیجے میں 3500 ارب روپے کی متوقع بچت ہوگی۔انہوں نے قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے ) کی نجکاری کو بھی حکومتی اصلاحاتی اقدامات کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجکاری کا عمل کھلی نیلامی اور مسابقتی طریقہ کار کے تحت مکمل کیا گیا ہے اور اس کے نتائج آنے والے دنوں میں سامنے آئیں گے ۔وفاقی وزیر قانون نے متوسط طبقے کو اپنی چھت فراہم کرنے کے حکومتی منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا پروگرام شروع کیا ہے جس پر مالیاتی اداروں کے اشتراک سے کام جاری ہے ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں متعدد اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ چار سال کے دوران ملک کی ٹیکس وصولی 9400 ارب روپے سے بڑھ کر 13 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہے ۔

پاکستان ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کے بعد ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی گئی ہے جبکہ وفاقی حکومت مکمل طور پر ای آفس اور پیپر لیس نظام کی جانب منتقل ہو چکی ہے ،وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ شفافیت، میرٹ، احتساب اور قانون کی حکمرانی حکومت کی بنیادی ترجیحات ہیں۔ ادارہ جاتی کمزوریوں کی نشاندہی اور ان کے تدارک کے لیے عملی اقدامات سے بدعنوانی کے امکانات کم کرنے ، سرکاری وسائل کے تحفظ اور عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج سے پہلے کسی حکومت نے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کوشش نہیں کی، وفاقی حکومت کے کچھ ادارے بند کئے گئے ، ان اداروں میں بہت زیادہ بدعنوانی تھی ۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا مقصد شفافیت ہے ، انہوں نے کہاکہ چینی، تمباکو، سیمنٹ اور مشروبات کے شعبوں میں ٹیکس محاصل میں اضافہ ہوا ،دریں اثنا گوجرانوالہ کے ضمنی الیکشن میں مداخلت کی شکایت پر عطا تارڑ الیکشن کمیشن کی سماعت میں پیش ہوئے اور غیرمشروط معذرت کر لی ، الیکشن کمیشن میں جواب جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میرا آبائی شہر ہے ، ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری کی دعوت پر میں نے دورہ کیا تھا، اس دوران وہاں پر امیدوار موجود نہیں تھے ،انہوں نے کہا کہ جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کی دعوت ضمنی الیکشن کے شیڈول سے پہلے آئی تھی، انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل پر ہمارا مؤقف بڑا واضح ہے ، عوامی رائے لی جائے ، اگر رائے یہ آتی ہے کہ صوبے بننے چاہئیں تو بنا دیں،عوامی رائے خلاف آتی ہے تو نہ بنائیں، عوامی رائے کا راستہ ہموار کیا جائے ، ریفرنڈم کرانے میں کیا حرج ہے ؟۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...