سعودی اتحاد کا حوثیوں کے 7فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ
پاکستان ، مصر کی ریاض ٹاور پر حوثی حملے کی مذمت،کارروائیاں بند کرنیکا مطالبہ سعودیہ اور حوثیوں کی ایک دوسرے کی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں
لاہور ، اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،وقائع نگار)سعودی فوجی اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی ملیشیا کے مرکزی سپلائی ڈپو سمیت 7 فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کے لیے قائم عرب عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ جمعہ کی صبح اتحادی فورسز نے عسکری کارروائیاں کرتے ہوئے حوثیوں کے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز اڈوں کو نشانہ بنایا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران حوثیوں کی عسکری سرگرمیوں میں معاونت کے لیے مخصوص 7 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے ، جبکہ بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے لانچنگ پلیٹ فارمز اور 6 ورکشاپس کو بھی تباہ کیا گیا جہاں ڈرونز کو اسمبل کیا جاتا تھا۔سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے جیزان علاقے میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا ہے ۔اتحاد کے مطابق میزائلوں کو تباہ کرنے کے نتیجے میں ان کا ملبہ الشقیق کے علاقے میں گرا۔سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت ریاض کے کاروباری مرکز میں واقع بلند ترین ٹاور حوثیوں کے حملے سے متاثر ہوا ہے ۔ادھر پاکستان نے سعودی دارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مملکت سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانے کے ایسے اقدامات نہ صرف بے گناہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ اس نوعیت کے قابل مذمت حملے فوری طور پر بند کیے جائیں۔سعودی فوجی اتحاد نے یمن میں الحدیدہ کی بندرگاہ اور اس کے اطراف موجود افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ یہاں سے نکل جائیں۔ادھر یمن کے حوثیوں نے جدہ سمیت بحیرئہ احمر میں دیگر سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے ۔جمعے کو حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر سعودی فوجی اتحاد نے حوثیوں کے کنٹرول میں الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا تو پھر سعودی عرب کی بندرگاہیں بھی ہدف ہوں گی۔حوثی ترجمان نے بندرگاہوں میں کام کرنے والے مزدوروں اور ملازمین سمیت قریبی علاقوں کے مکینوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان مقامات سے دور ہو جائیں۔یمنی حدود میں ایک کارگو جہاز پر حملے کی اطلاعات ملی ہیں۔برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے اطلاع دی ہے کہ یمنی سمندری حدود میں ایک کارگو جہاز پر فائرنگ کی گئی ہے ۔ادارے نے اپنے تازہ ترین بیان میں بتایا ہے کہ یمن کے شہر مکلا سے 176 کلومیٹر جنوب مغرب میں ایک کارگو جہاز فائرنگ کی زد میں آیا۔جہاز یا اس کے عملے کو کسی قسم کے نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یوکے ایم ٹی او)کے مطابق عمان کی بندرگاہ خصب کے قریب ایک بحری جہاز کو پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں جہاز پر زوردار دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ادارے کے مطابق یہ واقعہ آبنائے ہرمز کے قریب پیش آیا، تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments