پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے شاہ برطانیہ کو سفارتی اسناد پیش کردیں
ہائی کمشنر، انکی اہلیہ کو شاہی بگھی سے لنکاسٹر ہاؤس سے سینٹ جیمز پیلس لے جایا گیا ٹیپو عثمان نے شاہ چارلس سوئم کو صدر ، وزیراعظم کے خیرسگالی پیغامات بھی پہنچائے
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے سینٹ جیمز پیلس لندن میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ اس موقع پر ہائی کمشنر کی اہلیہ صائمہ ٹیپو بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ کو وائس مارشل آف دی ڈپلومیٹک کور کی سربراہی میں شاہی بگھی کے ذریعے لنکاسٹر ہاؤس سے سینٹ جیمز پیلس لے جایا گیا۔شاہ چارلس سوئم سے ملاقات کے دوران ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے صدرِ پاکستان اوروزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے پیغامات بھی پہنچائے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام شاہ چارلس سوئم کو انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ہائی کمشنر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تعاون اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس موقع پر شاہ چارلس سوئم نے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان اور ان کی اہلیہ صائمہ ٹیپو کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments