خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے بعد 5 اہم آرڈیننسز کے اجرا کی تیاری مکمل
پہلی سہ ماہی 12صنعتی ، ستمبر میں 11شعبوں کی پیداوار بڑھی، لکڑی کی مصنوعات میں سالانہ 264فیصد اضافہ ریکارڈ ٹیکسٹائل میں سالانہ 4، کیمیکلز میں 9.5، فارماسیوٹیکل میں 12.2اور فرٹیلائزر شعبے میں 7.8فیصد کمی ریکارڈ ہوئی
اسلام آباد (مدثر علی رانا) رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران لارج سکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) میں ٹیکسٹائل، بیوریجز، کیمیکلز، فارماسیوٹیکل اور آئرن اینڈ سٹیل سمیت متعدد اہم شعبوں کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی مجموعی طور پر بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں بہتری دیکھی گئی ہے ۔دستاویز کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکسٹائل شعبے کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 4 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 6 فیصد کمی ہوئی۔ اسی طرح لیدر مصنوعات کے شعبے میں سالانہ 8.3 فیصد اور ماہانہ 11.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ کیمیکلز کے شعبے میں سالانہ 9.5 فیصد اور ماہانہ 7.4 فیصد کمی ہوئی۔فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ میں سالانہ بنیادوں پر 12.2 فیصد اور ماہانہ 7.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ کیمیکل مصنوعات کی مینوفیکچرنگ میں سالانہ 12.8 فیصد اور ماہانہ 5.6 فیصد کمی ہوئی۔ فرٹیلائزر سیکٹر میں بھی سالانہ 7.8 فیصد اور ماہانہ 8.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طور پر سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 3.18 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی۔ لکڑی کی مصنوعات کی تیاری میں سالانہ بنیادوں پر 264 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 266 فیصد اضافے کے ساتھ تمام شعبوں میں سب سے زیادہ گروتھ ریکارڈ ہوئی۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران لارج سکیل مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی پیداوار میں سالانہ 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر گروتھ 3.18 فیصد رہی جو صنعتی بحالی کی جانب اہم پیشرفت ہے ۔دستاویز کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 شعبوں جبکہ ماہانہ بنیادوں پر ستمبر 2025 کے مقابلے میں 11 شعبوں میں گروتھ ریکارڈ کی گئی۔ جون 2026 میں سست روی کے بعد جولائی میں صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئی جس کی ایک وجہ نئے مالی سال میں خام مال کی دستیابی اور حکومتی پالیسیوں میں تسلسل بھی ہے ۔جن شعبوں میں گروتھ ریکارڈ کی گئی، ان میں تمباکو، ووڈ پراڈکٹس، پٹرولیم پراڈکٹس، ربڑ پراڈکٹس، فیبریکیٹڈ میٹل، کمپیوٹر، الیکٹرانک اور آپٹیکل پراڈکٹس، الیکٹریکل پراڈکٹس، آٹوموبائل اور فرنیچر سازی شامل ہیں۔پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے ٹیکسٹائل سیکٹر میں پہلی سہ ماہی کے دوران منفی رجحان رہا۔ اس کے برعکس تمباکو کے شعبے کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 22.3 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 22.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق جاری ترقیاتی منصوبوں اور نجی تعمیراتی سرگرمیوں میں بہتری کے امکانات ہیں۔ اس کے برعکس آئرن اینڈ سٹیل سیکٹر میں سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پہلی سہ ماہی اور ماہانہ بنیادوں پر بہتر گروتھ آنے والے مہینوں کے لیے مثبت اشارہ ہے ۔ حکومت کی جانب سے شرح سود میں کمی اور صنعتی بجلی کے نرخوں میں استحکام سے توقع ہے کہ آنے والے مہینوں میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ کے شعبے میں مزید بہتری آئے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments