پیپلز پارٹی کے ریلیاں ملتوی کرانے کیلئے متحدہ،قوم پرستوں سے رابطے
نثار کھوڑو کی سرابرہی میں 4 رکنی کمیٹی قائم ،وقار مہدی، ضیا الحسن لنجار ،ناصر شاہ شامل ریاض چانڈیو، نیاز کالانی و دیگر سے ملاقات ،کمیٹی قادر مگسی، خالد مقبول سے بھی ملے گی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں امن و امان کی کسی بھی امکانی صورتحال کے پیش نظر کراچی میں 22 اور 29 نومبر کو قوم پرستوں اور ایم کیو ایم پاکستان کی ریلیوں کو ملتوی کرانے کے لئے قوم پرست و ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے رابطے اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں جنرل سیکریٹری وقار مہدی، صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ شامل ہیں۔ نثار کھوڑو کی سربراہی میں کمیٹی ایس ٹی سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی، ایم کیو ایم کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، قوم پرست رہنماؤں ریاض چانڈیو اور ڈاکٹر نیاز کالانی سے ملاقات کرے گی اور باضابطہ طور پر ریلیوں کو ملتوی کرنے کی اپیل کرے گی۔ نثار کھوڑو نے فون پر مذکورہ رہنماؤں سے رابطہ اور ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔نثار کھوڑو نے قوم پرستوں اور ایم کیو ایم رہنماؤں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 22 نومبر کو جئے سندھ رہبر کمیٹی، 29 نومبر کو ایس ٹی پی اور ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی میں نکالی جانے والی ریلیوں کے پیش نظر تصادم اور امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے ، اس لئے اپیل کرتے ہیں ریلیوں کو ملتوی کیا جائے ۔
انہوں نے کہا سندھ اسمبلی نے نئے صوبوں کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرکے آئینی طور پر سندھ میں نئے صوبے کا راستہ بند کردیا ہے اور سندھ اسمبلی کی قرارداد کے بعد اب ریفرنڈم نہیں ہوسکتا، اس لئے ریفرنڈم کی باتیں غیر آئینی ہیں۔ دریں اثنا نثار کھوڑو کی سربراہی میں کمیٹی اراکین وقار مہدی، ضیاالحسن لنجار، ناصر شاہ نے جمعہ کو سچل گوٹھ میں جئے سندھ رہبر کمیٹی کے سربراہ ریاض چانڈیو، نیاز کالانی و دیگر سے ملاقات کی اور ان سے 22 نومبر کو کراچی میں ریلی ملتوی کرنے کی اپیل کی ۔ریاض چانڈیو نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ رہبر کمیٹی پرامن طریقے سے سندھ حکومت کی اجازت لے کر ریلی نکالے گی۔رہبر کمیٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کے رہبر کمیٹی سے 22 نومبر کو ریلی منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی تاہم انہوں نے یہ یقین دلایا ہے کہ ریلی اور روٹ کی سندھ حکومت سے اجازت لی جائے گی ، ایس او پی پر بھی عمل کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ، تاہم رہبر کمٹی سے پرامن جمہوری احتجاج کا حق نہیں چھین سکتے ۔ ریاض چانڈیو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عدم تشدد کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، جو سندھ کی تقسیم چاہتے ہیں ان کے خلاف 22نومبر کو پرامن ریلی نکالیں۔نثار کھوڑو کی سربراہی میں کمیٹی آج ایس ٹی پی سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی سے حیدرآباد میں ملاقات کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments