بینکوں کا دو ہزار ارب کا قرض دینے کا ہدف:چھوٹے و درمیانے کاروبار کو قرض کا طریقہ آسان بنائیں:شہباز شریف

بینکوں  کا  دو ہزار  ارب  کا  قرض  دینے  کا  ہدف:چھوٹے  و  درمیانے  کاروبار  کو  قرض  کا  طریقہ  آسان  بنائیں:شہباز  شریف

سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنائیں تاکہ قرضوں کی فراہمی تیز کی جا سکے پی سی ایس آئی آر برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا:وزیراعظم ، وزرا کی ملاقات

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز)ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کو سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا، ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے ۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایس ایم ایز کی مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع سے استفادے کے لیے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے ایس ایم ایزجن کا پاکستان سنگل ونڈو میں برآمدی ڈیٹا موجود ہے ، یا جو ایکسیم انشورنس اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں، انکو قرضوں کی فراہمی کیلئے اسی کو ضمانت کے طور پر غور کیا جائے ، ایس ایم ایز کے کیش فلوکو بھی قرضوں کی فراہمی کے لیے ضمانت کے متبادل پیمانے کے طور پر دیکھا جائے ۔وزیراعظم نے ایس ایم ایز کے لیے بینکوں کے قرضوں سے متعلق احتیاطی ضوابط پر نظرثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنائی جائے تاکہ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے ۔

ایس ایم ایز کو سہولت دینے کے لیے بینک صرف قرضوں کی فراہمی ہی نہیں بلکہ لیٹرز آف کریڈٹ کے اجرا اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی معاونت کریں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بینکوں نے جون 2028ء تک ایس ایم ایز کو 2 ہزار ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی اور قرض لینے والے SMEs کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کا ہدف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) کے امور سے متعلق اجلاس ہوا، شہباز شریف نے کہا پی سی ایس آئی آر ملک میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔وزیر اعظم نے پی سی ایس آئی آر کے حوالے سے کی گئی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی رپورٹ طلب کر تے ہوئے پی سی ایس آئی آر کے مینڈیٹ، اب تک کی کارکردگی اور مستقبل میں اس کے ممکنہ کردار کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے ملاقات کی جس میں متعلقہ وزارت کے امور کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔وزیر توانائی نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ روس میں پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں سیشن کی کارروائی کے حوالے سے آگاہ کیا۔مزید برآں شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے نے بھی ملاقات کی ۔جس میں ملک میں ریلوے کے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، ان پر پیش رفت اور وزارت ریلوے سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف نے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے اور اس ضمن میں مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...