پنجاب اسمبلی:خالی سیٹیں،25حکومتی ،15اپوزیشن ارکان حاضر:کیا یہ ن لیگ کا سپیکر پر عدم اعتماد :معین ریاض
دو وزراء رانا اقبال ، منشاء بٹ حاضر،سپیکرملک احمدکی ہدایات بے اثر،اندرونی سیاست سے اسمبلی کا بیڑا غرق :اپوزیشن لیڈر وزیر اعلٰی کیساتھ ارکان کی ڈیوٹیاں:رانا ارشد،اجلاس کیوں بلایا ،معین ریاض،ایوان میں شور شرابہ ،اجلاس پیر تک ملتوی
لاہور(سیا سی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) پنجاب اسمبلی میں ارکان اور وزراء کی عدم حاضری کا معاملہ حل نہ ہو سکا، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریوں کی عدم موجودگی پر برہمی اور وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھنے کی ہدایات،ارکان کی حاضری یقینی بنانے کے احکامات بھی بے اثر ثابت ہوئے ، گزشتہ روز بھی پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی حاضری انتہائی کم رہی اور سیٹیں خالی پڑی رہیں ، پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت سے ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے پینل آف چیئرپرسن ملک ارشد کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے آ غاز پر ایوان میں صرف 27 حکومتی ارکان اور 15 اپوزیشن ارکان موجود تھے ، وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمٰن بھی ایوان سے غیر حاضر تھے ۔ صرف دو وزراء رانا محمد اقبال اور میاں منشاء اللہ بٹ اجلاس میں شریک ہوئے ۔ گزشتہ روز اجلاس میں ارکان کی کم تعداد پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا ن لیگ نے سپیکر پنجاب اسمبلی پر عدم اعتماد کر دیا ہے ؟ کیا ن لیگ کے ارکان اسمبلی کا وزیراعلیٰ پر بھی عدم اعتماد ہے ؟ حکومت کے پاس کوئی پالیسی یا وزیر نہیں جو مہنگائی سے نکلنے کے لیے عوام کو پالیسی دے سکے ۔ عوام دو وقت کی روٹی سے ایک وقت کی روٹی کی طرف چلے گئے ہیں، کچھ تو خیال کریں۔ انہوں نے کہا وزراء کو کہیں ٹھہر ٹھہر کر چلیں، انہوں نے عوام کی عدالت میں بھی جانا ہے ۔ اندرونی سیاست نے اسمبلی کا بیڑا غرق کر دیا ہے ۔ معین ریاض قریشی نے مطالبہ کیا ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔
حکومتی ارکان کی عدم حاضری پر چیف وہپ مسلم لیگ ن رانا ارشد نے مؤقف اختیار کیا کہ جمعہ کے روز ارکان اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں، اس لیے وہ ایوان میں نہیں آئے ۔ ہاؤس کے بزنس کے مطابق ارکان موجود ہیں اور قانون سازی کے وقت کورم پورا کروانا ہوتا ہے ۔ اب تک 208 بلز منظور ہو چکے ہیں اور کورم پورا ہونے پر ہی بلز منظور ہوئے ۔ اس موقع پر پینل آف چیئرپرسن ملک ارشد نے بتایا کہ پارلیمانی سیکرٹریز بھی ایوان میں موجود ہیں، جبکہ ملتان، راولپنڈی اور آج چکوال میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی مصروفیات کے باعث ارکان کی ڈیوٹیاں وہاں لگائی گئی ہیں۔ اس پر اپوزیشن لیڈر نے اعتراض کیا کہ اگر جمعہ کے روز ارکان کو ایوان میں نہیں بلایا جاتا تو اجلاس کیوں بلایا، صرف قانون سازی کے وقت کورم پورا کرنے کا کوئی جواز نہیں، جب ارکان کو بلایا ہی نہیں جاتا تو عوام کا پیسہ کیوں ضائع کیا جا رہا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر کے اظہار خیال کے دوران ایوان میں شور شرابہ ہوا ، وقفہ سوالات کے دوران محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم سے متعلق ارکان اسمبلی کے چھ سوالات ایجنڈے پر تھے ، تاہم تین سوالات کے جواب دیے گئے جبکہ ارکان کی عدم موجودگی کے باعث تین سوالات ملتوی کر دیے گئے ۔ چیف وہپ رانا ارشد نے وضاحت کی کہ صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر چکوال میں لیب کے افتتاح کے سلسلے میں موجود ہیں۔ بعد ازاں اپوزیشن رکن اعجاز شفیع کا توجہ دلاؤ نوٹس بھی متعلقہ وزیر کی عدم موجودگی کے باعث منگل تک ملتوی کر دیا گیا۔ اعجاز شفیع نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ایوان کی حالت دیکھ لیں، عوام کے کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں، وزیر معلوم نہیں کب آئیں گے ، اس دوران ایوان میں ارکان کی تعداد مزید کم ہو گئی،حکومت کے 25 جبکہ اپوزیشن کے صرف 13 ارکان موجود رہ گئے ۔ اجلاس پیر کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments