400 ارب کی ٹیکس چوری، داخلہ کمیٹی کا سخا کوٹ، درگئی کے صنعتی یونٹس کا ہنگامی دورہ

400 ارب کی ٹیکس چوری، داخلہ کمیٹی کا سخا کوٹ، درگئی کے صنعتی یونٹس کا ہنگامی دورہ

دو افسران کی معطلی ناکافی، چیف کمشنر، ممبر آپریشنز، چیئرمین ایف بی آر اور سیکرٹری خزانہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے :کنوینر چار اعلیٰ افسران کے ستارہ امتیاز واپس لینے کیلئے وزیراعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ، ملوث افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹر، این این آئی) ملاکنڈ میں 2018 سے 2026 کے دوران ٹیکس استثنیٰ کی آڑ میں 400 ارب روپے کی مبینہ ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے ۔کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی خزانے سے لوٹے گئے سینکڑوں ارب روپے کے ٹیکس واپس لینے تک ہم چھین سے نہیں بیٹھیں گے ، کرپٹ ایف بی ار افسران اور فیکٹری مالکان سے ٹیکس چوری کے پائی  پائی کا حساب لیا جائے گا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی سربراہی میں سخاکوٹ اور درگئی کی گھی، سٹیل اور چائے کی فیکٹریوں کا ہنگامی معائنہ کیا۔

معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے بتایا کہ 1120 ارب روپے مالیت کے درآمد شدہ خام مال میں سے صرف 389 ارب روپے کا ریکارڈ دستیاب ہے جبکہ 731 ارب روپے کے مال کا کوئی ریکارڈ ایف بی آر کے پاس موجود نہیں۔ اس کے عوض ایف بی آر نے 85 ارب روپے کے پے آرڈرز بھی جاری کیے ۔انہوں نے کہا کہ ماہانہ 4 سے 5 ہزار ٹن پیداواری کوٹے والی فیکٹریوں میں معائنے کے وقت دو ٹرکوں کے برابر مال بھی موجود نہیں تھا۔ کمیٹی کے دورے سے قبل دکھاوے کے لیے چند ڈبے رکھے گئے اور مشینیں عین وقت پر چلائی گئیں۔

ان کے مطابق پیداواری صلاحیت، خریداروں کے بینک ریکارڈ اور کنزمپشن سرٹیفکیٹس کی تصدیق کیے بغیر جعلی کمپنیوں کے نام پر ٹیکس چھوٹ حاصل کرکے مال دیگر شہروں میں فروخت کیا گیا۔سیف اللہ ابڑو نے ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کی مبینہ غفلت اور ملی بھگت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو افسران کمشنر فوزیہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہارون خٹک کی معطلی کافی نہیں، یہ نچلے درجے کے افسران ہیں اور اصل ذمہ داران بشمول چیف کمشنر تقی قریشی، ممبر آپریشنز زبیر بلال، چیئرمین ایف بی آر اور سیکرٹری فنانس کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے ۔ کمیٹی نے ایف آئی اے کو ملوث افسران کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...