غزوہ خیبر

غزوہ خیبر

اسپیشل فیچر

تحریر : عبیداللہ عابد


چودہ سو برس قبل مدینہ منورہ کے شمال میں 100میل دور ایک شہر خیبرواقع تھا۔یہاںقلعے اورکھیتیاں کثیر تعداد میں تھیںاور یہاں یہودی آباد تھے۔ رسول اکرمﷺ جب جنگ احزاب کے نتیجے میں قریش مکہ کو سبق سکھانے سے فارغ ہوئے تو انھوں نے خیبر کے یہودیوں اور نجد کے قبائل سے بھی نمٹنا ضروری سمجھا تاکہ پورا خطہ امن وسلامتی کا گہوارہ بن جائے اور اسلام کے علمبردار اطمینان وسکون اور یکسوئی سے اللہ کا پیغام ساری دنیا کے انسانوں تک پہچانے میں مصروف ہوسکیں۔ رسول اکرم ﷺ کی نگاہ انتخاب سب سے پہلے خیبر پر پڑی کیونکہ یہاں کے لوگ سازشوں اور قبائل کولڑانے بھڑانے کا خوب کام کرتے تھے۔ یہ اہل خیبر ہی تھے جنھوں نے جنگ خندق میں مشرکین کے تمام گروہوں کو مسلمانوں پر چڑھائی کرنے کیلئے ابھارا،پھر بنوقریضہ کو اسلامی ریاست مدینہ سے غداری پر آمادہ کیاتھا۔ یہ لوگ منافقین یعنی بنو غطفان اور بدووں سے مکمل رابطے میں تھے۔ اسی دوران اہل خیبرخود بھی مسلمانوں سے بڑی جنگ کرنے کی تیاری کرتے رہے تھے۔ ان کی مختلف کارروائیاں مسلمانوں کیلئے مسائل پیداکر رہی تھیں۔انھوں نے رسول اکرم ﷺ کو شہید کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا۔مسلمان ان فتنہ پروروںکی سرکوبی کیلئے مختلف چھوٹی مہمات ترتیب دیتے رہے تھے تاہم بڑی مہم اس لئے شروع نہیں کررہے تھے کہ ابھی سب سے بڑے دشمن گروہ قریش سے نمٹنا تھا۔رسول اکرمﷺ نے حدیبیہ سے واپسی پرذی الحج کا پورامہینہ اور محرم کے ابتدائی چند روز مدینہ میں گزارے،پھراللہ کے حکم سے اپنے لشکر میں لوگوں کو خوب چھان پھٹک کرشامل کیا اورکسی منافق کو قریب بھی نہیں پھٹکنے نہ دیا۔ صرف وہی 1400افراد شریک سفر ہوئے جنھوں نے حدیبیہ میں درخت کے نیچے بیعت رضوان کی تھی۔ اس کے بعد خیبر کی طرف چل پڑے۔ پیچھے سے رئیس المنافقین عبداللہ بن ابی نے اہل خیبر کو فوراً اطلاع کردی’’ اب محمدؐ نے تمہاری طرف رخ کیاہے لہذا چوکناہوجائو، تیاری کرلو اور دیکھنا ڈرنا نہیں کیونکہ تمہاری تعداد اور تمہارا سازوسامان زیادہ ہے اور محمدؐ کے رفقا بہت تھوڑے اور تہی دست ہیں اوران کے پاس ہتھیار بھی بس تھوڑے ہی سے ہیں‘‘۔ اطلاع ملنے پر یہودیوں نے فوراً بنوغطفان سے مدد طلب کی اورانھیں پیشکش کی کہ اگر مسلمانوں پر غلبہ حاصل ہوگیا تو خیبر کی پیداوار کا نصف انھیں دیاجائے گا۔ لالچ کے مارے بنوغطفان فوراًیہودیوں کی مدد کیلئے خیبر کی طرف بھاگ اٹھے۔ ان کا لشکر روانہ ہواہی تھا کہ انھیں اپنے علاقے میں کچھ شور سنائی دیا۔ انھوں نے سمجھا کہ مسلمانوں نے ان کے بال بچوں اور مویشیوں پر حملہ کردیاہے۔ چنانچہ وہ یہودیوں کی مدد کا ارادہ ترک کرکے واپس لوٹ آئے۔خیبر میں داخلے کیلئے دو راستے تھے۔ اول: مدینہ سے سیدھے خیبر ، دوم : شام کی طرف سے ۔ رسول اکرمﷺ نے دوسراراستہ اختیارکیا تاکہ مسلمانوں کا لشکر بنوغطفان اور یہودیوں کے درمیان ہو اور بنوغطفان یہودیوں کی مدد کیلئے نہ آسکیں اور یہودی علاقہ چھوڑ کر شام کی طرف نہ فرارہوسکیں۔یہودیوں نے لشکراسلامی کے خیبر پہنچنے کا جو حساب کتاب لگارکھاتھا، مسلمان اس سے بہت پہلے ان کے سروں پر پہنچ گئے۔ اہل خیبر اپنا سازوسامان لے کر اپنے کھیتوں کی طرف روانہ ہورہے تھے کہ انھوں نے اسلامی لشکر دیکھا، وہ خوب بدحواس ہوئے ، چیخیں مارتے ہوئے اپنے شہر کی طرف بھاگے کہ خدا کی قسم! محمدؐ اپنے لشکرسمیت پہنچ گئے ہیں۔ یہ منظردیکھ کر اللہ کے رسولﷺ نے فرمایا’’ اللہ اکبر، خیبر تباہ ہوا۔ اللہ اکبرخیبرتباہ ہوا۔ جب ہم کسی قوم کے میدان میں اترپڑتے ہیں تو ان ڈرائے ہوئے لوگوں کی صبح بری ہوجاتی ہے۔جب لشکر خیبر کے اس قدرقریب پہنچا کہ شہر نظر آنے لگا تو آپﷺ نے ایک مقام پرٹھہرکر اللہ تعالیٰ سے دعا کی اور پھر لشکر کو بسم اللہ پڑھ کر پیش قدمی کاحکم دیا۔لشکررات گئے خیبر کے مزید قریب پہنچ گیا۔ رسول اکرمﷺ نے فرمایا’’ میں کل جھنڈا ایک ایسے آدمی کو دوں گا جو اللہ اور اس کے رسولؐ سے محبت کرتاہے اور اللہ اوراس کے رسولؐ اس سے محبت کرتے ہیں‘‘۔ اگلی صبح ہرکوئی تمنا کررہاتھا کہ جھنڈا اسے ہی ملے گا۔ رسول اکرمﷺ نے حضرت علیؓ کی بابت استفسارفرمایا۔ لوگوں نے کہاکہ ان کی آنکھ دکھ رہی ہے۔ آپﷺ نے فرمایا:’’ انھیں بلالائو‘‘۔ حضرت علیؓ خدمت اقدسؐ میں حاضرہوئے تو آپ ﷺ نے اپنا لعاب دہن ان کی آنکھ پر لگایا، آنکھ فوراً اس طرح شفایاب ہوگئی ، گویاکوئی تکلیف تھی ہی نہیں۔ اس کے بعد آپﷺ نے انھیں کچھ ہدایات دے کر جھنڈا تھمادیا۔خیبرکا علاقہ دوحصوں پر مشتمل تھا۔ پہلے حصے میں قابل ذکر پانچ قلعے تھے جبکہ دوسرے میں تین ۔ ان کے علاوہ بھی کچھ مزید قلعے اور بستیاں بھی تھیں۔ جنگ پہلے حصے میں ہوئی ۔مسلمانوں نے سب سے پہلے قلعہ ناعم پر حملہ کیا۔ یہ یہودیوں کی دفاعی لائن کی حیثیت رکھتاتھا اور مرحب نامی شہ زور کا تھا۔ اسے ایک ہزار مردوں کے برابر سمجھا جاتا تھا ۔ مرحب اپنے لشکریوں کے ساتھ اسلامی لشکر کے سامنے آکھڑا ہوا۔ حضرت علیؓ نے اسے اسلام کی دعوت دی جواس نے مستردکرتے ہوئے دعوت مبارزت دی۔ حضرت عامرؓ مرحب کے مقابل میدان میں اترے، وہ چھوٹے قد کے تھے۔ انھوں نے مرحب کی پنڈلی پر وارکیا تو تلوار کا سرا پلٹ کر ان کے اپنے گھٹنے پر آلگا۔ ان کے زخمی ہونے کے بعد حضرت علیؓ میدان میں اترے اور انھوں نے مرحب کا خاتمہ کردیا۔ اس کے بعد فریقین کے درمیان ایک طویل لڑائی ہوئی۔ جب یہودی بھرپور مزاحمت کے باوجود مسلمانوں کو پیچھے نہ دھکیل سکے تو انھوں نے خفیہ راستوں سے آہستہ آہستہ ایک دوسرے قلعہ صعب کی طرف بھاگنا شروع کردیا۔ مسلمانوں نے قلعہ ناعم پر قبضہ کرنے کے بعد قلعہ صعب کامحاصرہ کر لیا۔ اسے تین روز تک گھیرے رکھا۔ بالآخریہاں بھی لڑائی ہوئی اور مسلمان فاتح ہوئے۔ اگلا قلعہ زبیر پہاڑی کی چوٹی پر واقع تھا۔ یہاں سواروں اورپیادوں کو رسائی حاصل کرنے میں مشکل پیش آئی۔اس کے محاصرے کو تین دن گزرے توایک یہودی نے آکر رسول اکرمﷺ سے کہاکہ آپؐ ایک مہینہ بھی محاصرہ کرلیں تو کامیابی نہیں حاصل کرسکتے۔ البتہ قلعہ کے لوگ پانی لینے کے بعد نیچے چشموں کا رخ کرتے ہیں، پانی بند کر دیا جائے تو یہ گھٹنے ٹیک دیں گے۔ رسول اکرم ﷺ نے لشکریوں کو چشموں پر قابض ہونے کا حکم دیاتو قلعہ والے لڑائی پر اترآئے لیکن لاشیں چھوڑ کر بھاگ نکلنے پر مجبور ہوگئے ۔ قلعہ زبیرسے بھاگنے والوں نے قلعہ ابی میں پناہ لی۔ اس کا بھی محاصرہ ہوا، لڑائی ہوئی اور مسلمان فاتح ہوئے۔یہاں سے بھاگنے والے یہودی قلعہ نزار میں اس یقین سے چھپ گئے کہ مسلمان کسی بھی صورت میں اس قلعے پر کبھی قابض نہیں ہوسکتے۔تاہم مسلمانوں نے اسے بھی فتح کیا، اس کے بعد خیبر کا باقی علاقہ معمولی لڑائی یاپھر مذاکرات کے نتیجے میں مسلمانوںکے ہاتھ آگیا۔باقی ماندہ یہودی سرداروں نے اس شرط پر مسلمانوں سے صلح کرلی کہ ان کی فوج کی جان بخشی کردی جائے گی، ان کے بال بچے انہی کے پاس رہیں گے یعنی انھیں لونڈی اور غلام نہیں بنایاجائے گا۔ وہ اپنے بال بچوں کو لے کر خیبر کی سرزمین سے نکل جائیں گے اور اپنے اموال ، باغات، زمینیں، سونے، چاندی ، گھوڑے، زرہیں، رسول اللہﷺ کے حوالے کردیں گے، صرف اتنا کپڑا لے جائیں گے جتنا ایک انسان کی پشت اٹھاسکے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا’’ اگر تم لوگوں نے مجھ سے کچھ چھپایا تو پھر اللہ اور اس کے رسولؐ بری الذمہ ہوں گے‘‘۔ اس جنگ میں 16مسلمان شہید ہوئے جبکہ یہودی مقتولین کی تعداد 93 تھی ۔ خیبر کی فتح پر غیرمعمولی مقدار میں مال غنیمت مسلمانوں کے ہاتھ لگا۔ قیدیوں میں ایک مقتول یہودی سردار کی دلہن صفیہ سمیت بہت سی عورتیں بھی شامل تھیں۔صفیہ اسلام قبول کرکے رسول اکرمﷺ کی زوجیت میں آئیں اور ام المومنینؓ بن گئیں۔ اسی اثناء میں ایک یہودی خاتون نے زہرآلودگوشت پیش کرکے رسول اکرمﷺ کو شہید کرنے کی سازش کی، آپﷺ نے ایک لقمہ منہ میں ڈالا لیکن زہریلامحسوس کرکے اگل دیا۔ یہودی خاتون کو طلب کیاگیا، اس نے یہ کہتے ہوئے اقرارجرم کیا ’’ میں نے سوچا کہ اگریہ بادشاہ ہے تو ہمیں اس سے راحت مل جائے گی اور اگرنبی ہے تو اسے خبر دیدی جائے گی۔ اس پر آپﷺ نے اسے معاف کردیا۔ فتح خیبر محرم الحرام میں ہی ہوئی تاہم اس کی صحیح تاریخ کے بارے میں مورخین خاموش ہیں۔ اس فتح کے بعد اردگرد کے علاقے بھی مسلمانوں نے فتح کئے۔اس طویل مہم سے مدینہ میں واپسی صفر کے اواخر یاربیع الاول کے اوائل میں ہوئی۔٭٭٭

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
ایل نینو کی واپسی

ایل نینو کی واپسی

کیا پاکستان شدید موسموں کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے؟دنیا ایک بار پھر ایک ایسے موسمی رجحان کے اثرات کی طرف بڑھ رہی ہے جس نے ماضی میں کئی ممالک کو شدید گرمی، خشک سالی، غیر معمولی بارشوں اور قدرتی آفات سے دوچار کیا تھا۔ عالمی موسمیاتی ادارے (WMO) نے خبردار کیا ہے کہ ایل نینو نامی موسمیاتی نظام دوبارہ فعال ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں دنیا کے مختلف خطوں میں موسم کے معمولات بری طرح متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جو اس عالمی موسمیاتی تبدیلی کے زیر اثر آ سکتے ہیں۔ایل نینو ایک قدرتی موسمیاتی عمل ہے لیکن موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی گلوبل وارمنگ اس کے اثرات کو مزید شدید بنا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی ادارے مسلسل حکومتوں اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔ایل نینو کیا ہے ؟ایل نینو(El Niño) بحرالکاہل کے وسطی اور مشرقی حصوں میں سمندر کے پانی کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کو کہا جاتا ہے۔ جب سمندر کا پانی معمول سے زیادہ گرم ہو جاتا ہے تو دنیا بھر میں ہوا کے دباؤ، بارشوں کے نظام اور درجہ حرارت کے توازن میں تبدیلی آتی ہے۔یہ رجحان عام طور پر ہر چند سال بعد نمودار ہوتا ہے اور کئی مہینوں تک برقرار رہ سکتا ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں شدید بارشیں اور سیلاب آتے ہیں جبکہ دیگر خطوں میں خشک سالی اور گرمی کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ اگرچہ ایل نینو ایک قدرتی عمل ہے لیکن موسمیاتی تبدیلی کے باعث اس کے اثرات پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔پاکستان کیلئے ممکنہ خطراتپاکستان کا شمار اُن ممالک میں ہوتا ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں حالانکہ عالمی کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ نہایت کم ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں ملک شدید گرمی کی لہروں، غیر معمولی بارشوں، گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور تباہ کن سیلابوں کا سامنا کر چکا ہے۔ایل نینو کی صورت میں پاکستان میں مون سون بارشوں کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔ بعض ماہرین کے مطابق اس رجحان کے دوران جنوبی ایشیا کے کئی علاقوں میں بارشیں معمول سے کم ہو جاتی ہیں جس سے پانی کی قلت اور زرعی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب بعض خطوں میں اچانک اور شدید بارشوں کا خطرہ بھی موجود رہتا ہے، جو سیلابی صورتحال کو جنم دے سکتا ہے۔ جنوبی پنجاب،سندھ اور بلوچستان جیسے علاقے پہلے ہی پانی کی کمی اور شدید گرمی کا سامنا کرتے ہیں۔ اگر ایل نینو کے باعث درجہ حرارت مزید بڑھتا ہے تو ان علاقوں میں خشک سالی کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں بجلی کی طلب بڑھنے سے توانائی کا بحران بھی شدت اختیار کر سکتا ہے۔زراعت اور معیشت پر اثراتپاکستان کی معیشت کا ایک بڑا حصہ زراعت سے وابستہ ہے۔ چاول، کپاس، گندم اور گنے جیسی فصلیں موسمی حالات پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہیں۔ اگر بارشوں کے نظام میں تبدیلی آتی ہے یا گرمی کی شدت غیر معمولی حد تک بڑھ جاتی ہے تو زرعی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔پانی کی قلت نہ صرف فصلوں بلکہ مویشیوں کے شعبے کے لیے بھی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ زرعی پیداوار میں کمی کا براہ راست اثر خوراک کی قیمتوں پر پڑتا ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موسمیاتی ماہرین کسانوں کو جدید زرعی طریقوں اور پانی کے بہتر استعمال کی طرف توجہ دینے کا مشورہ دے رہے ہیں۔عالمی سطح پر بھی ایل نینو غذائی اجناس کی پیداوار کو متاثر کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں بین الاقوامی منڈیوں میں قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔ ایسے حالات پاکستان جیسے درآمدی ضروریات رکھنے والے ممالک کے لیے معاشی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔صحت اور زندگی کیلئے چیلنجزشدید گرمی کی لہریں انسانی صحت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔ پاکستان میں ہر سال گرمی کے موسم میں ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی کے واقعات سامنے آتے ہیں۔ اگر ایل نینو کے باعث درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوتا ہے تو بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔اس کے علاوہ شدید بارشیں اور سیلاب مختلف متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔ صحت کے شعبے کو ان ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر پیشگی منصوبہ بندی کی ضرورت ہوگی۔ تیاری اور احتیاط موسمیاتی خطرات سے مکمل طور پر بچنا ممکن نہیں لیکن بہتر منصوبہ بندی سے نقصانات کو کم ضرور کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کو موسمیاتی نگرانی کے نظام، ارلی وارننگ سسٹمز اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہوگا۔زرعی شعبے میں پانی بچانے والی ٹیکنالوجی، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے منصوبے اور موسمی پیش گوئیوں کی بنیاد پر کاشتکاری کے طریقوں کو فروغ دینا ہوگا۔ اسی طرح شہری علاقوں میں درخت لگانے، پانی کے ضیاع کو روکنے اور توانائی کے متبادل ذرائع اختیار کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ایل نینو کی متوقع واپسی صرف ایک موسمی خبر نہیں بلکہ ایک ایسا انتباہ ہے جس کے اثرات پاکستان کے ماحول، معیشت، زراعت اور عوامی زندگی پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ اس کے حتمی اثرات کا اندازہ لگانا ابھی قبل از وقت ہے لیکن عالمی اداروں کی وارننگ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ آنے والے مہینوں میں غیر معمولی موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایسے میں حکومت، متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔ موسمیاتی تبدیلی کے اس دور میں بروقت تیاری ہی مستقبل کے نقصانات کو کم کرنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔

تہذیبوں میں مکالمے کا عالمی دن

تہذیبوں میں مکالمے کا عالمی دن

امن اور باہمی احترام کی ضرورتدنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، ذرائع ابلاغ اور گلوبلائزیشن نے مختلف ممالک، ثقافتوں اور تہذیبوں کے درمیان فاصلے کم کر دیے ہیں۔ آج مختلف پس منظر کے حامل لوگ ایک دوسرے کے ساتھ نہ صرف رابطے میں ہیں بلکہ تجارت، تعلیم، کاروبار، سیاحت اور دیگر شعبوں میں مسلسل تعاون بھی کر رہے ہیں۔ تاہم اس قربت کے باوجود دنیا کو تعصب، نفرت، نسلی امتیاز اور ثقافتی تنازعات جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ انہی چیلنجز کے پیشِ نظر اقوامِ متحدہ نے 10 جون کوInternational Day for Dialogue among Civilization کے طور پر منانے کا اعلان کیا تاکہ مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے درمیان افہام و تفہیم، احترام اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیتانسانی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ مختلف تہذیبوں کے درمیان رابطے اور تبادلہ خیال نے ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔ علم، ادب، فنونِ لطیفہ، سائنس اور فلسفے کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت مختلف معاشروں کے باہمی تعامل کا نتیجہ رہی ہے۔ جب قومیں ایک دوسرے کے تجربات اور خیالات سے استفادہ کرتی ہیں تو نہ صرف علم میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ باہمی اعتماد بھی فروغ پاتا ہے۔تہذیبوں میں مکالمہ مختلف ثقافتی اور فکری پس منظر رکھنے والے افراد اور معاشروں کے درمیان تعمیری گفتگو کا نام ہے۔ اس کا مقصد اختلافات کو ختم کرنا نہیں بلکہ انہیں سمجھنا اور ان کے باوجود باہمی احترام کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔آج دنیا کو متعدد سماجی اور ثقافتی چیلنجز درپیش ہیں۔ نسلی امتیاز، ثقافتی تعصبات، انتہا پسندانہ رویے، پناہ گزینوں کے مسائل اور نفرت انگیز بیانیے عالمی سطح پر تشویش کا باعث ہیں۔ ایسے مسائل صرف سیاسی یا قانونی اقدامات سے مکمل طور پر حل نہیں ہو سکتے بلکہ مختلف معاشروں کے درمیان اعتماد سازی اور مسلسل مکالمہ بھی ضروری ہے۔جب لوگ ایک دوسرے کی تاریخ، ثقافت اور نقطہ نظر کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں تو غلط فہمیاں کم ہوتی ہیں اور تنازعات کے امکانات بھی محدود ہو جاتے ہیں۔ اسی لیے اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ادارے مکالمے کو امن کے قیام کا ایک مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہیں۔پاکستان میں تہذیبی ہم آہنگی پاکستان ایک متنوع معاشرہ ہے جہاں مختلف زبانیں، ثقافتیں اور علاقائی روایات پائی جاتی ہیں۔ پنجابی، سندھی، پشتون، بلوچ، سرائیکی، کشمیری اور دیگر ثقافتی اکائیاں ملک کی اجتماعی شناخت کو مضبوط بناتی ہیں۔ اس تنوع کو مثبت انداز میں قبول کرنا قومی یکجہتی اور سماجی استحکام کے لیے ضروری ہے۔پاکستان میں تعلیمی ادارے، سماجی تنظیمیں اور ذرائع ابلاغ مختلف ثقافتوں کے درمیان احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اگر نوجوان نسل کو برداشت، احترامِ اختلاف اور مکالمے کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے تو زیادہ پُرامن اور متحد معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔نوجوانوں اور میڈیا کا کردارڈیجیٹل دور میں نوجوان نسل اور میڈیا معاشرتی رویوں کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا مختلف معاشروں کو قریب لانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے لیکن اس کا غیر ذمہ دارانہ استعمال نفرت اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کا سبب بھی بنتا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان اور میڈیا مثبت گفتگو، تحقیق پر مبنی معلومات اور تعمیری خیالات کو فروغ دیں۔ ثقافتی تبادلوں، آن لائن مباحثوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے مختلف معاشروں کے درمیان بہتر روابط قائم کیے جا سکتے ہیں۔تہذیبوں کے مابین مکالمے کا بین الاقوامی دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ اختلافات انسانی معاشروں کا فطری حصہ ہیں لیکن ان اختلافات کو تصادم کے بجائے مکالمے کے ذریعے حل کرنا ہی دانشمندی ہے۔ موجودہ دور میں امن، ترقی اور سماجی ہم آہنگی کے لیے ضروری ہے کہ مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے درمیان احترام، برداشت اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔ یہی اس عالمی دن کا بنیادی مقصد ہے اور یہی ایک بہتر، محفوظ اور پُرامن دنیا کی ضمانت بھی۔

آج کا دن

آج کا دن

فریڈرک بارباروسا کی موت 10 جون 1190ء کورومی سلطنت کا شہنشاہ فریڈرک اول جو بارباروسا کے نام سے مشہور تھا تیسری صلیبی جنگ کے دوران دریائے سیلیف (موجودہ ترکی) عبور کرتے ہوئے ڈوب گیا۔ یہ واقعہ قرونِ وسطیٰ کی تاریخ کا ایک نہایت اہم موڑ سمجھا جاتا ہے۔ بارباروسا اس وقت یورپ کے طاقتور ترین حکمرانوں میں شمار ہوتا تھا۔اس کی فوج ہزاروں سپاہیوں پر مشتمل تھی اور یورپ سے مشرقِ وسطیٰ کی طرف پیش قدمی کر رہی تھی تاہم دریائے سیلیف کو عبور کرتے ہوئے وہ پانی کے تیز بہاؤ کا شکار ہو گیا اور ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ اس کی اچانک موت نے صلیبی فوج کے حوصلے شدید متاثر کیے۔ بہت سے سپاہی واپس لوٹ گئے جبکہ باقی منتشر ہو گئے۔ سیلم وِچ ٹرائلز10 جون 1692ء کو بریجٹ بشپ نامی عورت کو امریکی نوآبادیاتی تاریخ کے مشہور سیلم وِچ ٹرائلز (Salem witch trials) کے دوران پھانسی دی گئی۔ وہ اس سلسلے میں سزائے موت پانے والی پہلی شخص تھی۔یہ مقدمات میساچوسٹس کی نوآبادی میں اس وقت شروع ہوئے جب چند نوجوان لڑکیوں نے دعویٰ کیا کہ وہ جادو کے اثر میں ہیں۔ اس کے بعد خوف اور افواہوں کا ایسا ماحول پیدا ہوا کہ تقریباً دو سو افراد پر جادوگری کے الزامات لگائے گئے۔ ان میں سے متعدد افراد کو قید کیا گیا اور بیس افراد کو موت کی سزا دی گئی۔بعد ازاں مؤرخین نے اس واقعے کو اجتماعی خوف، مذہبی انتہاپسندی اور عدالتی غلطیوں کی ایک مثال قرار دیا۔ اٹلی دوسری جنگِ عظیم میں شامل 10 جون 1940ء کو اٹلی کے آمر مسولینی نے برطانیہ اور فرانس کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا اور یوں اٹلی باضابطہ طور پر دوسری جنگِ عظیم میں شامل ہو گیا۔ اس وقت جرمنی یورپ میں تیزی سے کامیابیاں حاصل کر رہا تھا اور مسولینی کو یقین تھا کہ جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور اٹلی کو بھی فتح کے ثمرات حاصل ہوں گے۔جنگ میں شمولیت کے بعد اٹلی نے شمالی افریقہ، بحیرہ روم اور یورپ کے مختلف محاذوں پر کارروائیاں شروع کیں تاہم اٹلی کی فوجی تیاری جرمنی کے مقابلے میں کمزور تھی اور اسے متعدد محاذوں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد میں جرمنی کو اپنے اتحادی کی مدد کے لیے کئی علاقوں میں مداخلت کرنا پڑی۔ اورادورسرگلان قتلِ عام 10 جون 1944ء کو فرانس کے گاؤں اورادورسرگلان (Oradour-s ur-Glane) میں دوسری جنگِ عظیم کے دوران جرمن فوجیوں نے ایک ہولناک قتلِ عام کیا۔ اس واقعے میں 642 شہریوں کو قتل کر دیا گیا۔گاؤں کو گھیر کر تمام لوگوں کو جمع کیا گیا۔ مردوں کو الگ کر کے گولیوں سے نشانہ بنایا گیا جبکہ خواتین اور بچوں کو ایک چرچ میں بند کر کے آگ لگا دی گئی۔ چند افراد ہی زندہ بچ سکے۔ یہ واقعہ نازی جرائم کی بدترین مثالوں میں شمار کیا جاتا ہے۔جنگ کے بعد فرانسیسی حکومت نے گاؤں کے کھنڈرات کو اسی حالت میں محفوظ رکھا تاکہ آنے والی نسلیں اس سانحے کو یاد رکھ سکیں۔

مصنوعی ذہانت اور پانی کی کھپت

مصنوعی ذہانت اور پانی کی کھپت

اقوام متحدہ نے خبر دار کر دیامصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) نے حالیہ کچھ عرصے میں دنیا کو حیران کن رفتار سے بدل دیا ہے۔ تعلیم، طب، صنعت، تجارت، صحافت اور تحقیق سمیت زندگی کے تقریباً ہر شعبے میں AI کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ تاہم اس ٹیکنالوجی کے فوائد کے ساتھ کچھ ایسے چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں جن پر ابھی تک خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ حال ہی میں یونائیٹڈ نیشنز یونیورسٹی کے محققین کی ایک رپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر AI کا پھیلاؤ اسی طرح جاری رہا تو 2030 ء تک اس سے وابستہ ڈیٹا سینٹرز اتنا پانی استعمال کر سکتے ہیں جو دنیا بھر کے انسانوں کیلئے مجموعی پینے کے پانی کی مقدار سے بھی زیادہ ہو گا۔ یہ پیشگوئی ماہرینِ ماحولیات، پالیسی سازوں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کے لیے تشویش کا باعث بن گئی ہے۔مصنوعی ذہانت اور پانی کا تعلقعام طور پر جب ہم AI کے بارے میں سوچتے ہیں تو ہمارے ذہن میں کمپیوٹر، سافٹ ویئر اور جدید الگورتھمز آتے ہیں۔ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ایک مکمل ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ہے جس کا قدرتی وسائل سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں۔ لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔AI ماڈلز کو چلانے اور تربیت دینے کے لیے ہزاروں طاقتور سرورز پر مشتمل ڈیٹا سینٹرز درکار ہوتے ہیں۔ یہ سرورز مسلسل کام کرتے ہوئے بڑی مقدار میں حرارت پیدا کرتے ہیں۔ اس حرارت کو کم کرنے کے لیے جدید کولنگ سسٹمز استعمال کیے جاتے ہیں جن میں پانی ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مزید یہ کہ ان مراکز کو بجلی فراہم کرنے والے پاور پلانٹس بھی پانی استعمال کرتے ہیں جبکہ کمپیوٹر چپس کی تیاری میں بھی بڑی مقدار میں پانی درکار ہوتا ہے۔بڑھتی ہوئی طلب اور ماحولیاتی دباؤدنیا بھر میں AI کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ روزانہ کروڑوں افراد مختلف AI ٹولز کے ذریعے سوالات پوچھتے ہیں، تصاویر بناتے ہیں، ویڈیوز تیار کرتے ہیں اور پیچیدہ ڈیٹا کا تجزیہ کرتے ہیں۔ ہر پرامپٹ کے پیچھے طاقتور کمپیوٹرز کی ایک وسیع دنیا کام کر رہی ہوتی ہے۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اگر AI کے استعمال میں اسی رفتار سے اضافہ جاری رہا تو 2030 ء تک اس سے وابستہ انفراسٹرکچر کھربوں لیٹر پانی استعمال کر سکتا ہے۔ اگرچہ یہ ایک تخمینہ ہے لیکن اس سے مسئلے کی سنگینی کا اندازہ ضرور ہوتا ہے۔ٹیکنالوجی کی تاریخ بتاتی ہے کہ ہر نئی ایجاد اپنے ساتھ فوائد اور نقصانات دونوں لاتی ہے۔ مصنوعی ذہانت بھی اس سے مختلف نہیں۔ ایک طرف AI بیماریوں کی تشخیص بہتر بنا رہی ہے، زرعی پیداوار میں اضافہ کر رہی ہے اور کاروباری کارکردگی کو بہتر بنا رہی ہے، تو دوسری طرف اس کے ماحولیاتی اثرات نئی بحث کو جنم دے رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف توانائی اور پانی کے مؤثر استعمال سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جب کوئی ٹیکنالوجی زیادہ مؤثر اور سستی ہو جاتی ہے تو اس کا استعمال بھی کئی گنا بڑھ جاتا ہے، نتیجتاً مجموعی وسائل کی کھپت کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ جاتی ہے۔ یہی رجحان AI کے معاملے میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔پانی کی کمی اور چیلنجپانی کی قلت پہلے ہی دنیا کے کئی ممالک کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں آبی وسائل پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ آبادی میں اضافہ، موسمیاتی تبدیلی، غیر مؤثر آبی انتظام اور زرعی ضروریات پانی کے بحران کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔ایسے حالات میں اگر عالمی سطح پر AI انفراسٹرکچر کی وجہ سے پانی اور توانائی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے تو اس کے اثرات بالواسطہ طور پر ترقی پذیر ممالک پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ بجلی کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب توانائی کی قیمتوں کو متاثر کر سکتی ہے جبکہ پانی کے وسائل کے بہتر انتظام کی ضرورت مزید بڑھ جائے گی۔کیا اس مسئلے کا حل موجود ہے؟خوش آئند بات یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنیاں اس چیلنج سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ دنیا کی کئی بڑی کمپنیاں ایسے ڈیٹا سینٹرز تیار کر رہی ہیں جو کم پانی استعمال کرتے ہیں۔ بعض مقامات پر سمندری پانی، ری سائیکل شدہ پانی اور جدید کولنگ ٹیکنالوجیز کو بھی آزمایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ توانائی کی بچت کرنے والے AI ماڈلز اور زیادہ مؤثر کمپیوٹر چپس پر بھی کام جاری ہے۔حکومتیں بھی ماحول دوست ڈیٹا سینٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے نئی پالیسیاں تشکیل دے سکتی ہیں۔ اگر صنعت، حکومت اور سائنسی ادارے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں تو AI کی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان بہتر توازن قائم کیا جا سکتا ہے۔مصنوعی ذہانت بلاشبہ اکیسویں صدی کی سب سے اہم ٹیکنالوجی بن چکی ہے اور اس کے فوائد سے انکار ممکن نہیں تاہم اقوام متحدہ کی مذکورہ رپورٹ اس حقیقت کی یاد دہانی کراتی ہے کہ ہر تکنیکی انقلاب کی ایک ماحولیاتی قیمت بھی ہوتی ہے؛چنانچہ AI کے بڑھتے استعمال کے ساتھ پانی، توانائی اور قدرتی وسائل کے تحفظ پر سنجیدگی سے غور کرنا ہو گا۔اصل سوال یہ نہیں کہ مصنوعی ذہانت کو روکا جائے یا نہیں بلکہ یہ ہے کہ اسے کس طرح اس انداز میں فروغ دیا جائے کہ انسانی ترقی کے ساتھ ساتھ زمین کے وسائل بھی محفوظ رہ سکیں۔ اگر آج سے منصوبہ بندی کی جائے تو AI مستقبل کی ترقی کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے اور ماحول کے لیے خطرہ بننے سے بھی بچ سکتی ہے۔

بین الاقوامی یومِ آرکائیوز

بین الاقوامی یومِ آرکائیوز

قومی یاداشت کے تحفظ کا عالمی دنہر قوم کی تاریخ اس کی شناخت، ثقافت اور اجتماعی شعور کی بنیاد ہوتی ہے۔ ماضی کے واقعات، سرکاری دستاویزات، تاریخی تصاویر، اخبارات، نقشے، عدالتی ریکارڈز اور اہم شخصیات کے خطوط کسی بھی ملک کی اجتماعی یادداشت کا حصہ ہوتے ہیں۔ ان قیمتی تاریخی ریکارڈز کو محفوظ رکھنے کے لیے آرکائیوز کا نظام قائم کیا جاتا ہے۔ اسی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے دنیا بھر میں ہر سال 9 جون کو بین الاقوامی یومِ آرکائیوز (International Archives Day) منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد تاریخی اور سرکاری ریکارڈز کے تحفظ، ان کی افادیت اور مستقبل کی نسلوں کے لیے ان کی اہمیت کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ یومِ آرکائیوز ، پس منظربین الاقوامی یومِ آرکائیوز پہلی بار 2008ء میں منایا گیا۔ اس تاریخ کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیونکہ 9 جون 1948ء کو انٹرنیشنل کونسل آن آرکائیوز (ICA) کا قیام عمل میں آیا تھا۔ یہ ادارہ آرکائیوز کے تحفظ، ترقی اور پیشہ ورانہ معیار کو فروغ دینے کے لیے کام کرتا ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک اس دن کو سیمینارز، نمائشوں، کانفرنسوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے مناتے ہیں تاکہ لوگوں کو تاریخی دستاویزات کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔آرکائیوز اور ان کی اہمیتآرکائیوز ایسے ریکارڈز اور دستاویزات کا منظم ذخیرہ ہوتے ہیں جنہیں تاریخی، قانونی، انتظامی یا ثقافتی اہمیت کی وجہ سے محفوظ رکھا جاتا ہے۔ ان میں سرکاری فائلیں، مردم شماری کے ریکارڈ، عدالتی فیصلے، تاریخی تصاویر، اخبارات، صوتی و بصری مواد اور اہم شخصیات کی تحریریں شامل ہوتی ہیں۔اگر آرکائیوز موجود نہ ہوں تو قومیں اپنے ماضی سے محروم ہو جا ہیں۔ تاریخ کے بہت سے اہم واقعات، حکومتی فیصلے اور سماجی تبدیلیاں صرف انہی محفوظ ریکارڈز کے ذریعے ہمارے علم میں آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ترقی یافتہ ممالک اپنے آرکائیوز کے تحفظ پر خصوصی توجہ دیتے ہیں اور انہیں قومی ورثے کا حصہ تصور کرتے ہیں۔پاکستان میں آرکائیوزپاکستان ایک ایسی ریاست ہے جس کی تاریخ برصغیر کی صدیوں پر محیط تہذیبی اور سیاسی روایات سے جڑی ہوئی ہے۔ تحریک پاکستان ، قراردادِ لاہور، تقسیمِ ہند اور قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد سے متعلق بے شمار تاریخی دستاویزات آج بھی قومی آرکائیوز میں محفوظ ہیں۔ یہ ریکارڈ نہ صرف محققین بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی قومی تاریخ کو سمجھنے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔پاکستان میں قومی آرکائیوز، صوبائی ریکارڈ دفاتر، یونیورسٹی لائبریریاں اور تحقیقی ادارے اہم تاریخی مواد محفوظ کر رہے ہیں۔ تاہم اب بھی بہت سی قیمتی دستاویزات، مخطوطات اور مقامی تاریخ سے متعلق ریکارڈ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ضائع ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ آرکائیوز کے شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید مضبوط بنایا جائے۔تعلیم، تحقیق اور شفافیت میں کردارآرکائیوز صرف پرانی دستاویزات کا ذخیرہ نہیں بلکہ علم اور تحقیق کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ یونیورسٹیوں کے طلبہ، اساتذہ، صحافی اور تاریخ دان تحقیق کے لیے انہی محفوظ ریکارڈز سے استفادہ کرتے ہیں۔ اصل دستاویزات کی موجودگی تحقیق کو مستند اور قابلِ اعتماد بناتی ہے۔اس کے علاوہ آرکائیوز جمہوری نظام میں شفافیت اور احتساب کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جب سرکاری فیصلوں اور پالیسیوں کا ریکارڈ محفوظ ہوتا ہے تو عوام اور محققین ان کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ اس طرح حکومتی اداروں کی کارکردگی کا تجزیہ ممکن ہوتا ہے اور شفاف حکمرانی کو فروغ ملتا ہے۔ڈیجیٹل دور اور آرکائیوز کا مستقبلٹیکنالوجی کی ترقی نے آرکائیوز کے شعبے میں نئی جہتیں پیدا کی ہیں۔ آج دنیا کے بیشتر ممالک اپنے تاریخی ریکارڈز کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کر رہے ہیں۔ ڈیجیٹل آرکائیوز کے ذریعے قیمتی دستاویزات کو طویل عرصے تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے اور دنیا بھر کے محققین ان تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔پاکستان میں بھی اس سمت میں پیش رفت ہو رہی ہے، لیکن مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ اگر قومی اور صوبائی سطح پر آرکائیوز کی ڈیجیٹائزیشن کو تیز کیا جائے تو تاریخی ورثے کے تحفظ اور تحقیق و تعلیم کے مواقع میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ جدید دور میں صرف کاغذی ریکارڈ محفوظ رکھنا کافی نہیں، انہیں ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرنا بھی ضروری ہے۔ چیلنجزآرکائیوز کو مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے۔ نمی، آگ، سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات تاریخی دستاویزات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ اسی طرح مناسب وسائل، تربیت یافتہ عملے اور جدید آلات کی کمی بھی آرکائیوز کے تحفظ میں رکاوٹ بنتی ہے۔پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں مالی وسائل کی محدود دستیابی کے باعث آرکائیوز کے شعبے کو وہ توجہ نہیں مل پاتی جس کا وہ مستحق ہے۔ تاہم قومی تاریخ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اس شعبے میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔بین الاقوامی یومِ آرکائیوز ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ آرکائیوز نہ صرف تاریخی دستاویزات کی حفاظت کرتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو اپنی شناخت، ثقافت اور قومی ورثے سے جوڑے رکھتے ہیں۔ ہماری تاریخ، تحریکِ پاکستان سے متعلق قیمتی ریکارڈز محفوظ رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

آج کا دن

آج کا دن

چارلس ڈکنز کا انتقال9 جون 1870ء کو انگریزی ادب کے عظیم ناول نگار چارلس ڈکنز کا انتقال ہوا۔چارلس ڈکنز نے صنعتی انقلاب کے دور میں غربت، سماجی ناانصافی اور طبقاتی فرق کو اپنے ناولوں کا موضوع بنایا۔ ان کی مشہور تصانیف میں,Oliver Twist David Copperfieldاور A Tale of Two Citiesشامل ہیں۔ان کی تحریروں نے نہ صرف ادب کو متاثر کیا بلکہ سماجی اصلاحات کی تحریکوں کو بھی تقویت دی۔ ڈکنز کی وفات کے وقت وہ اپنے آخری ناولThe Mystery of Edwin Drood پر کام کر رہے تھے جو نامکمل رہ گیا۔نیرو کی خودکشی9 جون 68ء کو رومی سلطنت کے مشہور اور متنازع حکمران نیرو نے خودکشی کر لی۔ نیرو 54ء سے روم کا شہنشاہ تھا اور اسے تاریخ کے سب سے متنازع حکمرانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے دور میں فنونِ لطیفہ کو فروغ ملا لیکن ظلم، سیاسی مخالفین کے قتل اور عیش و عشرت کی وجہ سے اس کی شہرت خراب ہوئی۔64ء میں روم میں لگنے والی آگ کے بعد نیرو پر الزام لگایا گیا کہ اس نے شہر کو جلانے میں کردار ادا کیا، اگرچہ مؤرخین اس بارے میں متفق نہیں ہیں۔ بعد ازاں اس نے عیسائیوں کو اس آتش زدگی کا ذمہ دار ٹھہرا کر ان پر سخت مظالم ڈھائے۔ سینیٹ نے اسے عوام کا دشمن قرار دے دیا۔ گرفتاری اور ممکنہ ذلت آمیز سزا سے بچنے کے لیے نیرو نے روم کے قریب ایک مقام پر خودکشی کر لی۔ویانا کانگریس معاہدہ9 جون 1815ء کو یورپ کی تاریخ کے اہم ترین سفارتی واقعات میں سے ایک یعنی ویانا کانگریس کے حتمی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ یہ کانگریس نپولین بوناپارٹ کی شکست کے بعد یورپ کے سیاسی نقشے کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ اس میں آسٹریا، برطانیہ، روس، پروشیا(جرمنی)، فرانس، پرتگال اور سویڈن سمیت بڑی طاقتوں نے شرکت کی۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد یورپ میں طاقت کا توازن قائم کرنا اور مستقبل میں کسی ایک ریاست کو اتنا طاقتور نہ ہونے دینا تھا کہ وہ پورے براعظم کے امن کو خطرے میں ڈال سکے۔ کانگریس کے نتیجے میں متعدد سرحدیں تبدیل کی گئیں، کئی ریاستوں کو ازسرِ نو منظم کیا گیا اور فرانس کو واپس یورپی نظام کا حصہ بنایا گیا۔ جارجیا کا چارٹر9 جون 1732ء کو برطانیہ کے بادشاہ جارج دوم نے شمالی امریکہ میں جارجیا کالونی کے قیام کا شاہی چارٹر جاری کیا۔جارجیا برطانوی امریکہ کی تیرہویں اور آخری کالونی تھی۔ اس کے قیام کا مقصد غریب برطانوی شہریوں کو نئی زندگی فراہم کرنا اور ہسپانوی فلوریڈا کے خلاف ایک حفاظتی بفر قائم کرنا تھا۔کالونی کے بانی نے ابتدا میں سماجی اصلاحات متعارف کرانے کی کوشش کی۔ غلامی اور شراب نوشی پر پابندی لگائی گئی، اگرچہ بعد میں ان پابندیوں کو ختم کر دیا گیا۔جارجیا بعد میں امریکی انقلاب میں شامل ہونے والی کالونیوں میں سے ایک بنی اور آج امریکہ کی ایک اہم ریاست ہے۔براڈ پیک سر کی گئی9 جون 1957ء کو چار آسٹرین کوہ پیماؤں ، ہرمن بول، مارکس شمک، فرٹز ونٹرسٹیلر اور کرٹ ڈیمبرگر نے پہلی مرتبہ براڈ پیک کی چوٹی سر کی۔ براڈ پیک دنیا کا بارہواں بلند ترین پہاڑ ہے جس کی بلندی 8051 میٹر ہے اور یہ پاکستان اور چین کی سرحد کے قریب قراقرم کے سلسلے میں واقع ہے۔ 1950ء کی دہائی کو ہمالیہ اور قراقرم کی عظیم مہمات کا دور کہا جاتا ہے۔ اس زمانے میں دنیا کے کئی بلند ترین پہاڑ پہلی مرتبہ سر کیے جا رہے تھے براڈ پیک بھی ان میں شامل ہے۔یہ مہم اس لحاظ سے منفرد تھی کہ کوہ پیماؤں نے نسبتاً ہلکے سامان اور محدود وسائل کے ساتھ چوٹی سر کی۔ شدید سردی، برفانی طوفانوں اور آکسیجن کی کمی کے باوجود ان کوہ پیماؤں نے غیر معمولی ہمت اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔