دورہ بھارت:ٹی 20میں بہتر کارکردگی کیلئے پر امید ہوں:عمر امین
دو برسوں میں پہلے سے زیادہ میچور اور نفسیاتی طور پر مضبوط ہو گیا ہوں:مڈآرڈر بیٹسمین
کراچی (سپورٹس رپورٹر ) قومی کرکٹر عمر امین کا کہنا ہے کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ ان کی کارکردگی میں پہلے سے زیادہ اعتماد آگیا ہے جس کا ثبوت وہ بھارت کے خلاف ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں دیں گے ۔ بھارت کے خلاف دو میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے قومی سکواڈ کا حصہ ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دو سال کے بعد ٹیم میں کم بیک کر رہے ہیں ان کی کوشش ہو گی کہ تربیتی کیمپ میں سخت محنت کریں اور بھرپور تیاری کریں۔ عمر امین نے کہا کہ دو سال قبل جب انہیں دورہ انگلینڈ کے لئے پاکستان ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا تو اس وقت وہ زیادہ میچور نہیں تھے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ کوئی بہانہ نہیں بنائیں گے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں انہیں بھرپور موقع دیا گیا تھا لیکن وہ اچھی کارکردگی پیش نہ کر سکے تھے لیکن اس بار بھارت کے خلاف متاثر کن کارکردگی کے لئے پر امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں انہوں نے اپنی بیٹنگ ٹیکنیک پر کام کیا وہ محسوس کرتے تھے کہ کریز پر اپنا توازن قائم نہیں رکھ پاتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے اور اس کے علاوہ اب وہ نفسیاتی طور پر بھی زیادہ مضبوط ہو گئے ہیں۔