فٹ بال ہیروز کی دنیا

قومی سطح پر پاکستان کے ریکارڈ ساز کپتان ہارون یوسف
کراچی (امتیاز نارنجا) ہارون یوسف کا شمار پاکستان فٹبال تاریخ کے ریکارڈ ساز کپتانوں میں ہوتا ہے۔ 10نومبر 1973کو منڈی بہا الدین (پنجاب) میں پیدا ہونے والے ہارون یوسف بحیثیت کپتان چار مرتبہ پی ایف ایف کپ جیت چکے ہیں جو ایسا ریکارڈ ہے جس کا ٹوٹنا ناممکن نظر آتا ہے۔ ہارون نے 1996میں آرمی، 1998 میں کے پی ٹی، 1999میں کے آرایل اور 2002 میں پاکستان واپڈا کو شکست دے کر الائیڈ بینک کو فاتح ٹرافی کا حقدار بنایا۔ الائیڈ بینک نے ہارون کی قیادت میں تین مرتبہ قومی چیمپئن شپ جیتنے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔ 1997میں پی آئی اے، 1999میں پاکستان نیوی اور 2000 میں حبیب بینک کو فائنل میں شکست دی۔ ہارون یوسف جسے پیار سے ”منّا“ کہا جاتا ہے کو پی ٹی سی ایل کے کوچ انعام اللہ نے روشناس کرایا ۔ ہارون مقامی ٹیم اللہ اکبر سے فٹبال کھیل کا آغاز کرنے کے بعد سٹی کلب لاہور سے ہوتے 1990میں ریلویز میں آ گئے۔ چند ماہ بعد انہیں پاکستان واپڈا سے پیشکش ہوگئی، یہاں چار سال کھیلنے کے بعد وہ الائیڈ بینک کی ٹیم کا حصہ بن گئے۔ 1993-94 میں کچھ دنوں پی آئی اے کیلئے بھی کھیلے مگر رہائشی مسائل کے باعث انہوں نے قومی ائرلائن چھوڑ دی۔ ہارون یوسف کے آئیڈل کھلاڑیوں میں دو سابق قومی کپتان قاضی اشفاق اور شرافت علی شامل ہیں۔ ابتداءمیں ہارون یوسف نے چوہدری ریاست علی سے ٹریننگ حاصل کی بعد ازاں اپنے فیورٹ اسلم جاپانی، محمد ادریس، ظفر اقبال، طارق لطفی کے علاوہ غیر ملکی کوچز پیڈرو ڈیاز (برازیل)، جان لیٹن، جوزف ہیرل اور ڈیوڈ برن (انگلینڈ) سے بھی کوچنگ کا درس لیا۔ ہارون نے یوتھ فٹبال سے اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز دورہ بھارت سے کیا ۔ اس کے بعد دو مرتبہ سیف گیمز اور پانچ مرتبہ سیف چیمپئن شپ کھیلی۔ انہوں نے عالمی کپ 1994، 1998 اور 2002 کا کوالیفائی مرحلہ بھی کھیلا اور اسی دوران عراق، قازقستان، چین، یمن، سری لنکا، ، تھائی لینڈ، لبنان اور اردن کیخلاف بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔1996میں اسے قومی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا اور 24 اپریل 1999 کو پاکستان کی سینئر ٹیم کے کپتان مقرر ہوئے۔ 2003 تک قومی ٹیم کی قیادت کی۔ 18واں عالمی کپ پری کوالیفائنگ رائونڈ میں کرغزستان کے خلاف انہیں ڈراپ کردیا گیا اور یوں ہارون یوسف کا انٹرنیشنل کیرئیر کا اختتام ہوگیا۔ انہوں نے پاکستان کیلئے مجموعی طورپر 52 انٹرنیشنل میچ کھیلے۔ ہارون یوسف نے اٹلانٹا اولمپک کے کوالیفائنگ مرحلے میں بھی انڈر21 ٹیم کی قیادت کی اور تین مرتبہ ایشین کپ کا ابتدائی مرحلہ کھیلا۔ وہ 1993 میں ڈیفنس کلب کی جانب سے 13ویں ایشین کلب چیمپئن شپ بھی کھیلے۔ ہارون یوسف دورہ انگلستان 2001 کے دوران بھی قومی ٹیم کے کپتان تھے اور 2002 میں انہوں نے 14واں ایشین گیمز بمقام پوزان، جنوبی کوریا میں بھی ٹیم کی قیادت کی۔