انٹرنیشنل فٹبالر عبدالجبار کراچی میں انتقال کرگئے

انٹرنیشنل فٹبالر عبدالجبار کراچی میں انتقال کرگئے

1967ء میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی، ایشین کپ کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل تھا

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) 1967ء میں امریکی کلب ٹورناڈوکیخلاف اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے کیپٹن عبدالجبار 69برس کی عمر میں اس جہان فانی سے کوچ کرگئے۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ سمیت دو بیٹے اور تین بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ ناگمان مسجد لیاری میں ادا کی گئی جبکہ تدفین میوہ شاہ قبرستان میں ہوئی ۔ اس موقع پر ڈی ایف اے ساؤتھ کے صدر گلاب بلوچ، سیکریٹری مراد بخش، سیکریٹری سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن اصغر بلوچ، سابق قومی ہیروز علی نواز، عبداﷲ راہی، اسحٰق بلوچ، غلام عباس بلوچ، اقبال بلوچ، شکیل بلوچ، عابد بروہی، لطیف بلوچ، شاہجہاں بلوچ، محمد گلاب، غلام شبیر، محمد شعبان، استاد اقبال بلوچ، سیکریٹری ایسٹ کیپٹن عبیداﷲ، صدر ویسٹ کیپٹن ظفر اقبال، سیکریٹری ویسٹ رحیم بخش، ریاض احمد، ضمیر مشتاق ودیگر موجود تھے۔ عبدالجبار لیاری کے علاقے شاہ بیگ لین میں1945ء میں پیدا ہوئے۔ بچپن ہی سے فٹبال کھیل کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا اور بجلی اسپورٹس سے اپنے فٹبال کیریئر کا آغاز کیا۔ کیپٹن سادھو نے انہیں پاک پی ڈبلیو ڈی میں بحیثیت پروفیشنل کھلاڑی کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔ خداداد صلاحیتوں کی بدولت جلد ہی کراچی کی ٹیم کا حصہ بنے اور ڈھاکا میں پروفیشنل لیگ کھیلنے کی پیشکش کے سبب ڈھاکا وانڈرز سے منسلک ہوئے۔ بعد ازاں ڈھاکا محمڈن، وکٹوریہ اورای پی آئی ڈی سی کلب کیلئے بھی کھیلتے رہے۔ 1967ء میں جب امریکی کلب ٹورناڈو نے پاکستان کا دورہ کیا تو پاکستان الیون میں عبدالجبار کو پہلی بار منتخب کیا گیا ۔لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان الیون کو دو، صفر سے شکست ہوگئی تاہم ڈھاکا میں چار، ایک کی کامیابی کے ساتھ سیریز برابر رہی۔ عبدالجبار کی شاندار کارکردگی نے سلیکٹرز کو مجبور کیا کہ وہ انہیں چوتھے ایشین کپ رنگون 1967ء میں قومی ٹیم میں شامل کریں۔ انٹرنیشنل تراب علی کی قیادت میں عبدالجبار نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا، اسی سال وہ آر سی ڈی ٹورنامنٹ میں بھی قومی ٹیم کا حصہ بنے جس نے ڈھاکا اور کے ایم سی اسٹیڈیم کراچی میں دوستانہ سیریز کھیلی۔1968ء میں رشین کلب کیخلاف بھی کھیلے۔ 1969ء میں رشین سینٹرل آرمی نے جب پاکستان کا دورہ کیا تو عبدالجبار قومی ٹیم میں موجود تھے۔ اسی سال انٹرنیشنل کپ تہران میں محمد یونس رانا کی قیادت میں ایران گئے۔ 1969ء میں جب قومی ٹیم نے روس کا دورہ کیا تو مراد بخش مکوا کی قیادت میں عبدالجبار قومی ٹیم کا حصہ تھے۔ اسی سال آر سی ڈی چیمپئن شپ انقرہ میں ازمیر (ترکی) کے کلب نے انہیں کھیلنے کی دعوت دی اور وہ مولا بخش گوٹائی کے بعد دوسرے فٹبالر بنے جس نے ترکی میں پروفیشنل لیگ کھیلی۔ سقوط ڈھاکا کے بعد عبدالجبار نے پی آئی اے جوائن کر لی اور کھیل سے ریٹائرمنٹ تک پی آئی اے کیلئے کھیلتے رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں