امریکہ و اسرائیل کے ایران پر حملے: بچوں سمیت 201 ایرانی شہید، 747 سے زائد زخمی
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے بتایا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں بچوں سمیت 201 ایرانی شہری شہید ہوگئے جبکہ 747 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
مشرق وسطی میں اس وقت بڑی جنگ چھڑ چکی ہے جس نے کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایران کے 24 صوبوں پر حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں معصوم طالبات سمیت 201 ایرانی شہری شہید ہوگئے ہیں، جبکہ 747 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ایران کا جوابی وار، آپریشن فتح خیبر لانچ کر دیا
ایران نے امریکی و اسرائیلی حملوں کے جواب میں آپریشن فتح خیبر لانچ کر دیا جس کے بعد تل ابیب دھماکوں سے گونج اٹھا، حیفہ میں بھی دھماکے سنائی دیے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق یروشلم میں کئی عمارتیں ایرانی حملوں کا نشانہ بنیں، ابتدائی طور پر اسرائیل پر 75 میزائل داغے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس، ایران پر حملے کی مذمت
اسرائیل نے اپنے شہریوں کو زیرِ زمین بنکرز میں رہنے کی ہدایت جاری کردی، ایرانی حملوں کے بعد اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، سکول اور اسرائیلی فضائی حدود بھی بند کر دی گئی اور ایرانی حملوں کو روکنے کیلئے دفاعی نظام فعال کر دیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بھی دھماکے ہوئے، قطر کی فضائی حدود میں ایرانی میزائل تباہ کیے گئے، ابوظہبی میں بھی زور دار دھماکے ہوئے ہیں جبکہ بحرین میں بھی دھماکے سنے گئے، بحرین میں امریکی اڈے اور امریکی نیوی کے پانچویں بیڑے کو نشانہ بنایا گیا، قطر کے مختلف مقامات میں بھی دھماکے سنے گئے۔
ایرانی حکام نے تصدیق کی کہ ایران کے جوابی وار میں 5 اہم امریکی فوجی اڈوں پر میزائل برسائے گئے، نشانہ بننے والے اڈوں میں العدید ایئر بیس قطر، السالمیہ بیس کویت شامل ہیں، الظفرہ ایئر بیس یو اے ای بھی ایرانی میزائلوں کا نشانہ بنا، امریکی اڈہ بحرین اور کنگ حسین ایئر بیس اردن بھی ایرانی میزائلوں کا نشانہ بننے والے مقامات میں شامل ہیں۔
ایرانی حملوں کے بعد کویت، بحرین اور یو اے ای میں سائرن بجتے رہے جبکہ متحدہ عرب امارات میں ایک ایشیائی شہری جاں بحق ہوا جس کے متعلق تصدیق کی گئی کہ وہ پاکستانی تھا۔
ایرانی سپریم لیڈر کے صاحبزادے اور بہو شہید سمیت اعلیٰ ایرانی قیادت شہید
ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کے صاحبزادے اور بہو بھی شہید ہو گئے، جبکہ ایرانی وزیر دفاع امیر ناصر زادہ اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد پاکپور بھی امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ہیں، ایران کے جنرل حسین سلامی، محمد باقری اور بسیج فورس کے 3 اہلکاروں کے شہید ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای محفوظ ہیں، جبکہ صدر مسعود پزشکیان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، ایرانی آرمی چیف امیر حاتمی بھی محفوظ ہیں۔
ایران کے شہر مناب میں لڑکیوں کے سکول پر اسرائیلی بمباری شہید ہونے والی طالبات کی تعداد 86 ہو گئی ہے، صیہونی فورسز نے تہران میں حکومتی مراکز اور صدارتی محل کو نشانہ بنایا، 7 میزائل صدارتی محل اور سپریم لیڈر خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب گرے۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے ایران کے 30 مقامات کو نشانہ بنایا، جنوبی تہران میں متعدد وزارتوں کے دفاتر پر بھی حملے کیے گئے، اسرائیل نے ایران کے مہر آباد ایئر پورٹ پر بھی میزائل داغے، ایرانی دفاعی نظام نے 3 اسرائیلی ڈرون طیارے مار گرائے، ڈرون طیاروں کو تبریز، خمین اور آہواز میں مار گرایا گیا۔
امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے ایرانی فوج پر میزائل حملے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے، حملے میں ایران کے فوجی اہداف اور میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا گیا، حالیہ حملوں کے بعد ایران میں فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے جبکہ فضائی حدود بھی بند کر دی گئی ہے۔