لاہور ہائیکورٹ: شوکاز نوٹس کیخلاف درخواستیں ناقابلِ سماعت قرار
لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس حسن نواز مخدوم نے سرکاری ملازمین کیخلاف تادیبی کارروائیوں سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ محض شوکاز نوٹس کیخلاف دائر کی گئی درخواستیں قابلِ سماعت نہیں ہوتیں۔
جسٹس حسن نواز مخدوم نے جاوید علی شاہ اور دیگر کی درخواستوں پر 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ درخواست گزار، جو متروکہ وقف املاک کے ملازمین تھے، نے شوکاز نوٹسز کو عدالت میں چیلنج کیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ محکمے کی جانب سے غیر قانونی طور پر شوکاز نوٹس جاری کر کے تادیبی کارروائی کی گئی، جسے کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ شوکاز نوٹس کو حتمی حکم تصور نہیں کیا جا سکتا، اور اس مرحلے پر ملازمین کو اپنے محکمے کے سامنے دفاع کا مکمل موقع حاصل ہوتا ہے۔ مزید کہا گیا کہ انکوائری کے ابتدائی مراحل میں عدالتی مداخلت قبل از وقت ہوتی ہے۔
عدالت نے دونوں درخواستوں کو قبل از وقت اور میرٹ پر پورا نہ اترنے کی بنیاد پر خارج کر دیا، جبکہ اس فیصلے کے ذریعے ایک اہم قانونی نکتہ بھی طے کر دیا گیا ہے۔