ایشیا ء کپ: بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہے ،تنویر افضل

ایشیا ء کپ: بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہے ،تنویر افضل

بھارتی ٹیم فیورٹ لیکن میچ کے دن کیا ہوگا اس سے کوئی بھی واقف نہیں،آل راؤنڈر

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)ایشیاء کپ کیلئے کوالیفائی کرنے والی ایسوسی ایٹ ٹیم ہانگ کانگ کے آل راؤنڈر تنویر افضل کا کہنا ہے کہ ایشیائی ایونٹ میں بھارت کو پاکستان کیخلاف واضح برتری حاصل ہے اور وہ بھارتی ٹیم کو فیورٹ دیکھ رہے ہیں لیکن میچ کے دن کیا ہوگا اس سے کوئی بھی واقف نہیں۔ہانگ کانگ کو ایشیا ء کپ میں اپنا پہلا میچ پاکستان کیخلاف 16ستمبر کو کھیلنا ہے اور آل راؤنڈر تنویر افضل کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم کا اصل مقصد بہترین کارکردگی کی بدولت انٹرنیشنل سرکٹ میں خود کو منوانا ہے جس کیلئے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں مضبوط ہیں اور اسپن بالنگ کے سازگار ماحول میں پاکستانی ٹیم اس تسلسل کو جاری رکھ سکتی ہے جس کا آغاز اس نے گزشتہ برس چیمپئنز ٹرافی جیت کر کیا اور پھر زمبابوے میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کا ٹائٹل بھی جیت لیا لیکن اس میں بھی شک نہیں کہ بھارتی ٹیم کسی بھی ماحول میں اچھا کھیل پیش کر سکتی ہے کیونکہ اس کے پاس بلند معیار کی بیٹنگ لائن ہی نہیں بہترین بالنگ بھی ہے ۔گجرات میں جنم لینے والے پاکستانی نژاد آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں بھارت کے برعکس پاکستانی ٹیم ایونٹ میں فیورٹ نہیں لیکن میچ کے دن کیا ہوگا اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی کی عدم موجودگی پر تنویر افضل کا کہنا تھا کہ یہ ہانگ کانگ جیسی ایسوسی ایٹ ٹیم کیلئے بڑا نقصان ہے کہ ان کے پلیئرز ویرات کوہلی کیخلاف کھیلنے کے ساتھ ہی کچھ اہم مشوروں اور ہدایات سے بھی محروم ہو گئے جو ان سے مل سکتی تھیں جبکہ خود بھارتی ٹیم پر بھی ان کی عدم موجودگی کے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں نجی لیگز شروع ہو چکی ہیں اور ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کیلئے ایشیا ء کپ جیسے ایونٹ اس اعتبار سے اہمیت کے حامل ہیں کہ انہیں اپنی صلاحیت کے اظہار کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع مل سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں