ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا موسم پر انحصار

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا موسم پر انحصار

آج چوتھا معرکہ بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان،قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا بھرپور ٹریننگ سیشن

پراویڈنس(اسپورٹس رپورٹر)ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے نتیجے کا موسم پر انحصار ہے کیونکہ آج چوتھا اور آخری معرکہ بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے ،گزشتہ روز مختصر فارمیٹ کے پاکستانی کھلاڑیوں نے آرام کر کے وقت گزارا البتہ اس کے برعکس قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے بھرپور ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آج چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے میدان میں اتریں گی تو خطے میں ہفتے بھر سے جاری بارش کا سلسلہ مقابلے کو متاثر کرے گا جس کے مزید مختصر ہونے کا امکان بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتااور بادلوں سے ڈھکے آسمان تلے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنا اہم ترین فیصلہ ہوگا۔پاکستانی ٹیم چار میچوں کی سیریز میں ایک،صفر سے برتری کی مالک ہے لیکن ہوم ٹیم نے مارچ دو ہزار انیس میں انگلینڈ کیخلاف تین،صفر سے ناکامی کے بعد کوئی سیریز نہیں ہاری ہے لہٰذا آج چوتھا مقابلہ دونوں ٹیموں کیلئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا جو رواں سیریز کے تین میں سے ایک میچ ہی مکمل طور پر کھیل سکی ہیں۔ ویسٹ انڈین ٹیم انجریز کے شکار اوپنرز لینڈل سمنز اور ایون لوئس کی عدم موجودگی میں کرس گیل اور آندرے فلیچر پر بھروسہ کر سکتی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم تیسرے میچ کی طرح شاہین آفریدی کے بجائے حارث روف پر اعتماد کرے گی جبکہ میڈیکل ٹیم کی کلیئرنس کے ساتھ اعظم خان کو بھی حتمی الیون میں جگہ مل سکتی ہے ۔گزشتہ روز پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز نے آرام کیا لیکن تیرہ رکنی ٹیسٹ اسکواڈ نے پراویڈنس میں تین گھنٹے پر مشتمل پریکٹس سیشن کیا جس کے دوران سینٹر اور سائیڈ پچوں پر پاکستانی کھلاڑی بیٹنگ،بالنگ اور فیلڈنگ کے علاوہ فٹنس ڈرلز میں مصروف رہے جنہوں نے فیلڈنگ کی مشقوں میں سلپ کیچنگ پر خاص توجہ دی اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں