محمد رضوان ون ڈے میں چوتھے نمبر پر کھیلنے کے خواہاں

محمد رضوان ون ڈے میں چوتھے نمبر پر کھیلنے کے خواہاں

کراچی (طارق حسین) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ون ڈے میں چوتھے نمبر پر کھیلنے کے خواہاں ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ ہر نمبر پر بیٹنگ کیلئے تیار مگر پانچویں پوزیشن پر خوش نہیں ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران محمد رضوان کا کہنا تھا کہ انہیں ماضی میں ایک روزہ میچوں کے دوران بھی اوپننگ کیلئے کہا گیا مگر وہ چوتھے نمبر پر کھیلنا چاہتے ہیں کیونکہ ہر کھلاڑی کی اپنی بیٹنگ پوزیشن ہوتی ہے اور یہ خصوصیت ہی تمام کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے جدا کرتی ہے اور یہ ممکن ہی نہیں کہ کسی ٹیم میں چھ فخر زمان یا چار بابر اعظم ہوں۔قومی وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور بابر اعظم یکسر مختلف ہیں اور امام الحق کی جگہ افتخار احمد کو کھلائیں تو مطلوبہ نتائج نہیں ملیں گے لہٰذا وہ خود بھی اسی طرح پانچویں نمبر پر کھیل کر خوش نہیں بلکہ نمبر چار پر کھیلنا چاہتے ہیں ورنہ انہیں کپتان اور کوچ کی مرضی کے مطابق کھیلنا پڑتا ہے اور اس بات کو ان کی جانب سے گلہ یا شکوہ نہ سمجھا جائے ۔محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ صرف چند کھلاڑیوں کا ایونٹ نہیں بلکہ ہر کھلاڑی کا اپنا کردار ہوگا جن کو یکجا کر کے ٹیم کی شکل دی جاتی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کی وکٹ کا سیریز کے نتائج میں اہم کردار ہوگا کیونکہ پاکستان کی کارکردگی بہت اچھی ہے مگر خدشہ ہے کہ کیوی ٹیم بھی کم بیک کر سکتی ہے مگر ان کیلئے ہر میچ نیا اور مختلف ہوتا ہے لہٰذا گزشتہ میچ کو بھلا کر میدان میں اترتے ہیں کیونکہ اصل توجہ بڑے مقاصد پر ہوتی ہے جیسے کیویز کیخلاف وہ سیریز جیتنے پر متوجہ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں