پی سی بی ڈائنامائٹس نے پاکستان کپ اپنے نام کرلیا

پی سی بی ڈائنامائٹس نے پاکستان کپ اپنے نام کرلیا

کراچی (اسپورٹس ڈیسک ) پی سی بی ڈائنامائٹس نے پی سی بی چیلنجرز کو 132رنز سے شکست دے کر پاکستان کپ ویمن ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔اس میچ کی خاص بات سدرہ نواز کی ناقابل شکست سنچری ، نشرح سندھو اور غلام فاطمہ کی عمدہ بالنگ تھی۔اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم پر اتوار کے روز کھیلے گئے ۔۔۔

فائنل کا ٹاس پی سی بی ڈائنامائٹس کی کپتان سدرہ امین نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ فاتح ٹیم نے چھ وکٹوں پر211رنز بنائے ۔ سدرہ نواز نے تیرہ چوکوں سے مزین 103رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ سدرہ امین38رنز کا اضافہ کر سکیں ۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے 52رنز کی پارٹنر شپ ہوئی ۔ عالیہ ریاض 19، خدیجہ چشتی، وحیدہ اختر 10،10 اور فاطمہ شاہد سات رنز تک محدود رہیں۔ آف اسپنر نورین یعقوب نے 53رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پرآٹھ کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانے میں کامیاب ہوئیں۔ صائمہ ملک نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پی سی بی چیلنجرز کی ٹیم212رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے محض79رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ ابتدائی اوور میں فریحہ محمود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں۔جویریہ خان نے 28رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ کپتان عمیمہ سہیل، حورینہ سجاد10،10،جویریہ رؤف آٹھ، کائنات حفیظ، نوین یعقوب سات ، سات رنز بنا سکیں۔ نشرح سندھو نے صرف پانچ رنز دے کر چاروکٹیں حاصل کیں۔ وہ ٹورنامنٹ میں 11 کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئیں۔غلام فاطمہ نے بھی متاثرکن بالنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں محض پانچ رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں ۔ وحیدہ اختر اور حمنہ بلال کو ایک ، ایک وکٹ ملی۔ سدرہ نواز سنچری کی بدولت پلیئر آف دی فائنل قرار پائیں جبکہ سدرہ امین ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ  حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں