تیسرا ون ڈے ،ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو ہرا کر سیریز جیت لی
برج ٹان (اسپورٹس ڈیسک)ویسٹ انڈیز نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی ، میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا ۔۔
ویسٹ انڈیز نے 188 رنز کا ہدف 32ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے میچ کو 40 اوورز تک محدود کر دیا گیا ، انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے ، بین ڈکٹ نے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، لیام لیونگ سٹون 41 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے میتھیو فورڈ اور الزاری جوزف نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں ۔ویسٹ انڈیز کی اننگز بھی بارش سے متاثر ہوئی اور ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 34 اوورز میں 188 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 31.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، کیسی کارٹی نے 50 ، ایلک ایتھنیز نے 45 اور رومیریو شیفرڈ نے 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، انگلینڈ کے جیک ول نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، میتھیو فورڈ کو میچ اور شائی ہوپ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔