آسٹریلیا جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں پشاور کی 2 بہنیں کامیاب

آسٹریلیا جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں پشاور کی 2 بہنیں کامیاب

کراچی (سپورٹس ڈیسک ) آسٹریلین جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں پشاور کی دو سگی بہنوں سمیت پاکستانی کھلاڑیوں نے پانچ ٹائٹلز اپنے نام کرلیے ۔

میلبورن میں منعقدہ آسٹریلین جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ کے گرلز انڈر 17 ایونٹ کی سیڈ 2 مہوش علی نے فائنل میں ین یی لی کوجان توڑ مقابلے کے بعد 38 منٹ میں 2-3 سے قابو کرکے پاکستان کو ٹائٹل دلوادیا۔گرلز انڈر13 ایونٹ میں سیکنڈ سیڈ اور مہوش علی کی چھوٹی بہن ماہ نور علی نے ٹاپ سیڈ ایملی سینئر کو شکست دے کر اپ سیٹ فتح حاصل کی۔ ماہ نور نے فائنل میں 20 منٹ کی تگ ودو کے بعد 0-3 کی فتح کے ساتھ سے ٹائٹل پر قبضہ جمایا، ان کی سب سے چھوٹی بہن سحرش علی کوکوارٹر فائنل میں ایمیلی سینئر نے 37 منٹ کی سخت تگ و دو کے بعد 2-3 سے ہرادیا۔بوائز انڈر17 کے فائنل میں ابراہیم زیب نے فتح پائی، بوائز انڈر 15 ایونٹ میں یحییٰ خان نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی، 24 ویں سیڈ کے حامل یحییٰ خان نے ہینری کراس کو 22 منٹ کی جدوجہد کے بعد 0-3 سے زیر کرکے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

گرلز انڈر 15 ایونٹ میں سیدہ سارہ علی کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی الیوا وان زون سے مات کھا گئیں۔بوائز انڈر 13 کے فائنل میں پاکستان نیوی سے تعلق رکھنے والے ٹاپ سیڈحزیفہ شاہد نے سیڈ2اونگ لیونگ یو کو محض 12 منٹ میں 30 سے قابو کر کے پاکستان کا پرچم بلند کردیا، واضح رہے کہ چیمپئن شپ میں تمام پاکستانی کھلاڑی اپنے ذاتی خرچے پر ایونٹ میں شریک ہوئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں