شاہینوں کومسلسل دوسری شکست،چوتھاٹی 20بھی کیویزکے نام

شاہینوں کومسلسل دوسری شکست،چوتھاٹی 20بھی کیویزکے نام

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پانچ میچوں کی ٹی 20سیریز میں شاہینوں کو مسلسل دوسری شکست کاسامناکرناپڑاہے اورتیسرے کے بعدچوتھامیچ بھی کیویز نے اپنے نام کرلیا۔

قومی ٹیم نے دوسرامیچ جیتا جبکہ پہلامیچ بارش کی نذرہوگیا تھا،اب کل آخری میچ میں پاکستان کوسیریزبچانے کاچیلنج درپیش ہوگا۔قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 174 رنز بناسکی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 178 رنز بنائے ۔ اوپنر ٹم رابنسن نے 51 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈین فاکس کرافٹ نے 34 رنز بنائے ، ٹام بلینڈل 28 اور کپتان مائیکل بریسویل 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ زمان خان، افتخار احمد، محمد عامر اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی،179 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز ہی بنا سکی۔ آخری اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 18 رنز درکار تھے اور عماد وسیم وکٹ پر موجود تھے لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے ۔ گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد 23 اور عماد وسیم 22 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم او رورکے نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 27رنزدیکر تین وکٹیں اپنے نام کیں اورمین آف دی میچ قرارپائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں