قومی کرکٹرزکا پری سیزن فیلڈنگ اورفٹنس کیمپ آج سے شروع

قومی کرکٹرزکا پری سیزن فیلڈنگ اورفٹنس کیمپ آج سے شروع

کراچی (سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹرزکا پری سیزن فیلڈنگ اور فٹنس کیمپ آج سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں شروع ہوگا، کیمپ میں 24کھلاڑی شریک ہیں ۔۔

جو 7جولائی تک دو ہفتے کے کیمپ میں ٹریننگ کریں گے ۔پی سی بی اعلامیہ کے مطابق ریڈ بال کیمپ کے اختتام کے بعد 15 کھلاڑی پاکستان شاہینز کے پری ڈیپارچر کیمپ میں حصہ لیں گے جو 8سے 13جولائی تک جاری رہے گا ۔ پاکستان شاہینز 14جولائی کو بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچوں کی سیریز کیلئے آسٹریلیا روانہ ہوگی ۔ اس دورے میں وہ دو ایک روزہ میچ کھیلنے کے ساتھ ساتھ9 ٹیموں کی ٹاپ اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی حصہ لے گی۔کیمپ میں شامل 24کھلاڑیوں میں 8ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل ہیں جن میں عبداللہ شفیق (17ٹیسٹ)،امام الحق (24ٹیسٹ)، خرم شہزاد(ایک ٹیسٹ)، محمد وسیم جونیئر(2 ٹیسٹ)، سرفراز احمد ( 54ٹیسٹ)، سعود شکیل ( 10ٹیسٹ)، عمر امین (4 ٹیسٹ)اور زاہد محمود(2 ٹیسٹ)شامل ہیں۔ پاکستان کو 25-2024 کے سیزن میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 9ٹیسٹ میچز کھیلنے ، ہیں اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کیمپ کھلاڑیوں کیلئے ریڈ بال سیزن کے لیے خود کو تیار کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف اگست میں دو ٹیسٹ میچز اور اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کھیلے گا، دونوں ہوم سیریز ہیں ۔پاکستان دسمبرجنوری میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ جائے گا اور پھر جنوری 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر دو ٹیسٹ کھیلے گا۔ کیمپ کے بارے میں ٹیسٹ کرکٹر امام الحق نے کہا کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ ہم آئندہ سیزن میں نو ٹیسٹ میچز کھیلنے والے ہیں، یہ کیمپ ہم سب کیلئے ایک مصروف سیزن میں اپنی فٹنس پر کام کرنے اور تیاری کے لیے ایک بہترین موقع ہے ۔ ڈومیسٹک سیزن میں اچھی کارکردگی دکھاکر اس کیمپ میں منتخب کیے جانے والے نوجوان کرکٹرز کوسینئر کرکٹرز کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں