بلیم گیم کا حصہ نہیں بننا چاہتا :وہاب ریاض،ٹیم منیجربھی فارغ

 بلیم گیم کا حصہ نہیں بننا چاہتا :وہاب ریاض،ٹیم منیجربھی فارغ

لاہور (سپورٹس ڈیسک ) قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانے کے بعد سابق کرکٹر وہاب ریاض کوسینئرمنیجرکے عہدے سے بھی سبکدوش کردیاگیا اور ٹیم منیجر منصور رانا کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا جبکہ وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کے طور پر فیصلے کیے اور ان کی ذمہ داری بھی یکساں لی۔

قومی سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانے والے وہاب ریاض نے سوشل میڈیا پر جاری تفصیلی بیان میں کہا کہ وہ بلیم گیم کا حصہ نہیں بننا چاہتے اور سلیکشن کمیٹی میں رکن کے طور پر ان کام ختم ہوگیا ہے ۔میں لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے خلوص کے ساتھ کام کیا، سلیکشن پینل کا حصہ بن کر کام کرنا میرے لیے اعزاز رہا۔ سات رکنی کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے قومی ٹیم کے فیصلے کرنا اعزاز تھا۔ ہر کسی کا ووٹ یکساں تھا، ایک ٹیم کے طور پر فیصلے کیے اور سب نے یکساں طور پر اس کی ذمہ داری لی۔ گیری کرسٹن کو سپورٹ کرنا بھی اعزاز ہے ، مجھے اعتماد ہے کہ ٹیم آگے بڑھے گی، کوچز اور ٹیم کے لیے میری نیک خواہشات ہیں۔ دعاؤں کے لیے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میری صرف یہی خواہش ہے کہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو کامیابی ملے ۔ قبل ازیں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو مجھے قربانی کا بکرا بنانے کی اجازت نہیں دوں گا۔ عہدے سے سبکدوش کیے جانے پر اپنا بیان جاری کروں گا۔دوسری جانب سابق سلیکٹر عبدالرزاق نے سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانے کے بعد ایک بیان میں کہاہے کہ اگر سب کویکساں اختیارات حاصل تھے تو پھر سلیکشن کمیٹی کا ایک ووٹ 6 پر کیسے بھاری ہو سکتا ہے ؟

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں