ہاکی ٹیم کا تیسری باراولمپکس میں نہ ہونا مایوس کن :توقیر ڈار
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) سابق اولمپیئن توقیر ڈار نے کہا ہے ہاکی ٹیم کا مسلسل تیسری مرتبہ اولمپکس میں نہ ہونا مایوس کن ہے ، میرے لیے یہ ہضم کرنا بہت مشکل ہے کہ ہاکی ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ اولمپکس میں نہیں ہے ۔
ہم کنویں میں گرچکے ہیں اور اب ہم اذلان شاہ کپ کے فائنل میں پہنچنے کو ایک کارنامہ سمجھتے ہیں۔ ہمارے دور میں حکومتی اداروں کی سرپرستی تھی، اداروں کے سربراہ ہاکی چلاتے تھے ، اس کی وجہ سے سنہری دور تھا، اداروں کی سرپرستی ختم ہوئی تو ہاکی تباہ ہو گئی اور اب یہ صورتحال ہے ۔ جو بچے آج کل ہاکی کھیل رہے ہیں ان کا بڑا احسان ہے کہ کھیل اور پرانی یادیں زندہ ہیں، 25 ہزار کی ہاکی اور 3 لاکھ روپے کی ہاکی کٹ، کون سے والدین اپنے بچے کو ہاکی کھلائیں گے ، ادارے کھلاڑیوں کی سرپرستی کریں، انہیں سبسڈی دیں، نوکریاں دیں، اگر یہ سب نہیں ہو گا تو کنویں سے نہیں نکل سکیں گے ۔ ہم انتظامی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، 2،2 صدر اور 3،3 سیکرٹری بن گئے ، پہلے انتظامی طور پر خود کو درست کریں، رائٹ مین فار دی رائٹ جاب ہو، ہاکی جاننے والے اور ہاکی کا جذبہ رکھنے والے انتظام سنبھالیں، اگر یہی سسٹم رہا تو ہماری واپسی بہت مشکل ہے اور ہم 2028 کے اولمپکس میں بھی نہیں ہوں گے ۔