ٹیسٹ رینکنگ میں بابر، شاہین آفریدی اور رضوان کی ترقی

 ٹیسٹ رینکنگ میں بابر، شاہین آفریدی اور رضوان کی ترقی

دبئی (سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشن میں بہتری آئی ہے ۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 712 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کے بعد 11 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔اسی طرح وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 720 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 9 ویں نمبر پر آکر اپنی سابق ٹاپ 10 پوزیشن میں واپس آگئے ۔سعود شکیل 661 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 21 ویں، آل راؤنڈر سلمان علی آغا 606 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 32ویں نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے جو روٹ سری لنکا ٹیسٹ میں فارم میں کمی کے باوجود ٹیسٹ میچوں کے اوّل نمبر کے بلے باز کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں حالانکہ ان کی ریٹنگ پوائنٹس 922 سے گر کر 899 ہو گئے ۔آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ دوسرے ، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے اور ڈیرل مچل چوتھے نمبر پر جب کہ بھارتی بلے باز روہت شرما پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔بولنگ میں شاہین آفریدی نے ٹاپ 10 میں واپسی کی ہے ۔ وہ 709 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 10 ویں نمبر پر ہیں۔اس کے برعکس حسن علی 540 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 34 ویں اور نسیم شاہ 531 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 37 ویں نمبر پر ہیں۔بھارت کے روی چندرن ایشون 870 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔ ان کے بعد آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ اور بھارتی جسپریت بمراہ ہیں، جو 847 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں