ٹی 20 سیریز: جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم ملتان پہنچ گئی

ٹی 20 سیریز: جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم ملتان پہنچ گئی

ملتان(سپورٹس رپورٹر)ٹی 20 سیریز کیلئے جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم ملتان پہنچ گئی جبکہ میزبان ٹیم نے بھرپور پریکٹس کی۔

تفصیلات کے مطابق مہمان ٹیم جوہانسبرگ سے پہلے لاہور پہنچی اور اسے لاہور سے چارٹرڈ طیارہ کے ذریعے شہراولیا لایا گیا۔ ملتان ایئر پورٹ سے ابدالی روڈ پر واقع ہوٹل میں پہنچانے کیلئے ہائی الرٹ سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ ہوٹل پہنچنے پر ٹیم کا پر تپاک استقبال کیا گیا، ہوٹل کی لابی میں مشروبات سے تواضع کی گئی اور گلدستے پیش کیے گئے۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹرز نے طویل سفر کی تھکان اتارنے کیلئے ہوٹل میں آرام کیا جبکہ ہفتہ بھر سے ملتان میں مقیم قومی ٹیم کی کھلاڑیوں نے حسب معمول سٹیڈیم جا کر پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ،شیڈول کے مطابق پاک جنوبی افریقہ ٹیمیں آج ملتان سٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی اور کل دونوں ٹیموں کی کپتان میڈیا کانفرنس کریں گی جبکہ پرسوں 16 ستمبر کو پہلا ٹی 20 میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔ دوسرا میچ 18 ستمبر اور تیسرا اور آخری میچ 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں