آج سے پہلا ٹیسٹ میچ شروع:شان مسعود اور اولی پوپ جیت کیلئے فکر مند

آج  سے  پہلا  ٹیسٹ  میچ  شروع:شان مسعود  اور  اولی پوپ جیت  کیلئے فکر  مند

ملتان(سپورٹس رپورٹر)پاکستان انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغازآج ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا ، دباؤ کا شکار نظر آنے والے دونوں کپتان جیت کیلئے فکرمند نظر آتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق آج پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 29ویں ٹیسٹ سیریز کاآغاز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا ،دونوں ٹیموں نے اپنے اپنے سکواڈزکا اعلان کردیاہے ،دونوں کپتان اپنی کپتانی میں مسلسل شکستوں کے باعث دباؤ کا شکارہیں اور فتح کیلئے فکرمندنظر آتے ہیں ،دونوں ٹیموں کے درمیان آج تک 89ٹیسٹ میچزکھیلے گئے ہیں ،انگلینڈ نے 29اورپاکستان نے 21میں فتح حاصل کی جبکہ 39ڈرا ہوئے ۔پاکستانی کپتان شان مسعود نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہاکہ ہم ایک متوازن اور مضبوط ٹیم کے ساتھ میدان میں اتررہے ہیں، ماضی کی کارکردگی کاجائزہ لیکر ایک ایساسکواڈ ترتیب دیا ہے جو ہرشعبے میں اپنی کارکردگی دکھانے کا ہنر رکھتا ہے ، ٹیسٹ میچ کی حکمت عملی ایک دن کی نہیں ہوتی،ہم جب 11 پلیئرز کا اعلان کرتے ہیں تو ہم بہت کچھ دیکھ رہے ہوتے ہیں ۔سلمان اور ابرار سے سپن کا شعبہ مضبوط ہوگا جبکہ شاہین،نسیم اور عامر جمال کا پیس اٹیک اچھا رہے گا ۔ان کا کہناتھاکہ ہم جیتنے کی پوزیشن پر آکرہارجاتے ہیں ،اس چیزپر قابو کرنا ہوگا،ہم ملتان میں انگلینڈ کے خلاف پہلے بھی جیت کے قریب آکر ہارے تھے ،اس کمزوری کو دور کریں گے ،ہمیں ایک فنشر کی ضرورت ہے ۔انگلینڈ کے عبوری کپتان اولی پوپ پریس کانفرنس میں اپنے پیسرزکی ناتجربہ کاری پر پریشان دکھائی دئیے ،انہوں اعتراف کیا کہ مجموعی طور پر ہمارا تجربہ کم ہے لیکن کرس ووکس کے تجربے سے فائدہ ہوگا۔ ہم نے پاکستانی بائولرز کی ویڈیوز دیکھ تیاری کی ہے ،ہمارے سپنر بھی ملتان کی وکٹ کا بہترین استعمال کرسکتے ہیں تاہم پیس اٹیک کو سپورٹ کرنیوالے پچ پاکستان کو فائدہ دے گی ،پاکستان کا بائولنگ اٹیک متوازن ہے اورملتان ان کا ہوم گراؤنڈ ہے ۔اولی پوپ نے کہاکہ سری لنکاکے ہاتھوں آخری ٹیسٹ کی شکست سے یہ فائدہ ہوگا کہ غلطیاں درست ہونگی، پاکستان میں پچز فلیٹ بھی ہوجاتی ہیں لیکن ریورس سوئنگ ایک بہترین ہتھیار ہوگا،ان کنڈیشنز سے فائدہ اٹھائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں