بابر اعظم،شاہین آفریدی اور نسیم شاہ ٹیسٹ سکواڈ سے ڈراپ
ملتان(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ کے خلاف دوسرے اورتیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان کے 16رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔۔۔
سابق کپتان بابراعظم اور فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو ڈراپ کردیا گیا جبکہ سابق کپتان وکٹ کیپر بلے باز سرفرازاحمد کو ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کردیاگیاہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف 15اور24اکتوبر سے شروع ہونیوالے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچوں کیلئے 16رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے ۔ سلیکٹرز نے اہم کھلاڑیوں کی موجودہ فارم اور فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے اور بین الاقوامی کرکٹ سیزن میں پاکستان کی مستقبل کی ذمہ داریوں کو دیکھتے ہوئے بابر اعظم، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی اورسرفرازاحمد کو آرام دینے کا فیصلہ کیا جبکہ ڈینگی بخار میں مبتلا ابرار احمد سلیکشن کیلئے دستیاب نہیں تھے ،ان کی جگہ حسیب اللہ ، مہران ممتاز، کامران غلام ، محمد علی اور ساجد خان کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کئے گئے نعمان علی اور زاہد محمود کو بھی 16 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے ۔سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)،سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، حسیب اللہ ، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ،نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا اور زاہد محمود شامل ہیں ۔
رکن سلیکشن کمیٹی عاقب جاوید کا کہنا تھاکہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا انتخاب سلیکٹرز کیلئے مشکل کام رہا ،ہمیں یقین ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ سے وقفے کیلئے ڈراپ کئے گئے کھلاڑیوں کو ان کی فٹنس، اعتماد اور سکون بحال کرنے میں مدد ملے گی اوروہ مستقبل کے چیلنجز کیلئے بہترین شکل میں واپس آئیں گے ۔ حسیب اللہ، مہران ممتاز اور کامران غلام جیسے ان کیپڈ کھلاڑیوں کو محمد علی، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کے ساتھ موقع فراہم کر رہے ہیں، اب ان کے پاس انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہے حسیب اللہ اور مہران ممتاز18اکتوبر سے اومان میں شروع ہونیوالے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کیلئے پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا حصہ تھے ان کی جگہ معاذ صداقت اور روحیل نذیر کو پاکستان شاہینز کیلئے سلیکٹ کیاگیاہے ۔عاقب جاوید نے کہاکہ بابر اعظم پہلی بار ٹیم سے ڈراپ ہوئے ہیں ، انہوں نے 2019سے ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی ،امید ہے وہ 20اکتوبر سے شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی میں حصہ لیں گے ۔