عاقب جاوید عبوری ہیڈ کوچ بننے کو بھی تیار
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) پی سی بی نے سابق کرکٹر عاقب جاوید کو عبوری طور پر کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالنے پر قائل کرلیا۔
سابق کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ میں 2 بار کی چیمپئن ٹیم کے ہیڈکوچ عاقب جاوید دور ہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں کوچنگ کے فرائض نبھائیں گے ۔قبل ازیں دورۂ آسٹریلیا سے قبل گیری کرسٹن نے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا، ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو دورۂ آسٹریلیا کیلئے عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا تاہم جیسن گلیسپی وائٹ بال فارمیٹ میں مزید ذمہ داری نہیں نبھانا چاہتے اسلئے بورڈ نے عاقب جاوید سے بات چیت کی اور انہیں قائل کیا۔یاد رہے کہ ماضی میں جب مصباح الحق نے سلیکشن اور کوچنگ کی ذمہ داریاں ساتھ سنبھالی تھیں تو ان کے سب سے بڑے ناقد عاقب جاوید ہی تھے ،البتہ دونوں میں نمایاں فرق کوچنگ کے تجربے کا ہے ، عاقب گزشتہ 20 سالوں سے مختلف ٹیموں کی کوچنگ کررہے ہیں، وہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں وہ بطور سلیکٹر بھی کام کرتے رہیں گے ۔واضح رہے کہ پاکستان نے 24 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلنی ہے ،قومی ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کھیلے گی جس میں 3 ٹی ٹونٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔