سابق بھارتی کرکٹر کے والد کو غبن کے جرم میں 7سال قید
ممبئی (سپورٹس ڈیسک )سابق بھارتی کرکٹر نمن اوجھا کے والد کو غبن کے ایک کیس میں مجرم قرار دے کر 7سال قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر کے والد ونے اوجھا ان 4 افراد میں شامل تھے جنہیں مدھیا پردیش کے ضلع بیتول میں بینک آف مہاراشٹرا کی برانچ میں 11 سال قبل 1.25 کروڑ روپے کی خوردبرد کے الزام میں سزا دی گئی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے 6افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا ۔ملٹی ایڈیشنل سیشن کورٹ نے اس کیس کا فیصلہ سنایا۔ سال قبل ونے اوجھا بینک میں برانچ منیجر تھے ۔ ان پر اب قید کے علاوہ7 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ اس غبن کے ماسٹر مائنڈ، ابھیشیک رتنم کو 10 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔اس کے علاوہ دیگر 2بروکرز کو بھی 7 سال قید اور 7 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے ۔